Get Alerts

آخرکار انتظار کی گھڑیاں ختم، سرمد سلطان کھوسٹ کی فلم 'کملی' کا ٹیزر ٹریلر

آخرکار انتظار کی گھڑیاں ختم، سرمد سلطان کھوسٹ کی فلم 'کملی' کا ٹیزر ٹریلر
سرمد سلطان کھوسٹ کی فلم ' کملی' کا ٹیزر ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ اس فلم کو 3 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔ کملی کی شوٹنگ 2019 میں شروع ہوئی تھی۔ پہلے کہا گیا کہ فلم 2020 میں ریلیز کی جائے گی مگر ایسا نہ ہوسکا۔

پھر 2021 میں اس کو ریلیز کیے جانے کی بات کی گئی اور یہ بھی نہ ہوسکا کیونکہ مختلف وجوہات کی وجہ سے فلم کی نمائش لیٹ ہوتی ہی چلی گئی۔ خیر اب کملی کا ٹیزر ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے اور ساتھ ہی اسے 3 جون 2022 کو سینما گھروں کی زینت بنانے ا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

کملی کے ٹیزر ٹریلر کی بات کریں تو اس سے اس کی تمام تر کہانی آسانی کے ساتھ سمجھ تو نہیں آتی مگر اتنا ضرور پتہ لگ جاتا ہے کہ اس میں صبا قمر کے ساتھ زبردستی کی جاتی ہے اور وہ ماں بن جاتی ہیں اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ جو بچہ پیدا ہوتا ہے اسے دفنایا بھی جاتا ہے۔

صرف اندازہ ہی لگایا جا سکتا ہے کہ شاید اس بچے کو معاشرے کے خوف سے مار دیا گیا ہو۔ کس نے مارا؟ صبا نے خود یا کسی اور نے یہ اندازہ کرنا تھوڑا مشکل لگتا ہے۔ اس سے لگتا ہے کہ کملی انتہائی حساس اور اہم موضوع پر بنائی گئی فلم ہے۔ اس کے علاوہ 2 منٹ کے  ٹیزر ٹریلر میں ایک بھی ڈائیلاگ نہیں ہے۔ صرف مختلف سینز ہیں اور بیک گراؤنڈ میوزک۔

اس سے بھی ایسا لگتا ہے کہ فلم کسی بہت ہی حساس ٹوپک پر بنائی گئی ہے۔ خیر ٹیزر ٹریلر سے یہ بات تو واضح ہے کہ کملی میں لیڈ رولز خواتین کے ہی ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹیزر ٹریلر میں صبا قمر، ثانیہ سعید، عمیر رانا، عدیل افضل اور نمرہ بُچہ سمیت دیگر اداکاروں کے کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔

صبا قمر کی بات کریں تو وہ پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ کملی ان کے لیے ہندی میڈیم سے بڑی فلم ہے۔ اس میں ان کا رول ان تمام کرداروں سے بالکل مختلف ہے جو انہوں نے اب تک کئے ہیں۔ صبا قمر نے یہ بھی کہا ہے کہ کملی میں ان کا رول ان کے دل کے بے حد قریب ہے۔

انہیں اس کے لیے بہت زیادہ محنت کرنی پڑی ہے۔ صبا قمر کو اس فلم کے لیے جسمانی طور پر مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ ہر روز ورک شاپ بھی جانا پڑتا تھا۔ صبا قمر نے کہا کہ انہوں نے ایسا کردار ابھی تک نہیں کیا۔ کملی کی کہانی انتہائی متاثر کرنے والی ہے۔ یہ ایک سنجیدہ رومانوی فلم ہے۔

اس کے علاوہ صبا قمر نے کملی کی کہانی اور اس میں اپنے کردار کے متعلق اور کچھ نہیں بتایا۔ خیر کملی کا سکرین پلے اور ڈائیلاگز لکھے فاطمہ ستار نے ہیں جبکہ اس کے ڈائریکٹر سرمد سلطان کھوسٹ ہیں۔

اس کے علاوہ اس فلم کی کہانی اور ڈائیلاگز میں سرمد سلطان کھوسٹ نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے۔ کملی کے میوزک کی بات کی جائے تو اسے کمپوز کیا ہے ذوالفقار علی، سعد سلطان، سہیل شہزاد اور عزت مجید نے جبکہ اس میں سروں کا جادو جگایا ہے ریشماں جی، عاطف اسلم، زیب بنگش اور زینب فاطمہ سلطان نے۔ سرمد سلطان کھوسٹ اور ان کی بہن کنول کھوسٹ اس فلم کے پروڈیوسر جبکہ ان دونوں کے والد عرفان کھوسٹ اس کے ایگزیکٹو پرڈیوسر ہیں۔