معروف ہدایت کار سرمد کھوسٹ اپنی فلم ' کملی' کے لیے ڈی سی ساوٌتھ ایشین انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈی سی ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول ہر سال امریکا میں منعقد کیا جاتا ہے جہاں پاکستان اور بھارت سمیت بنگلہ دیش، ایران، افغانستان اور خطے کے دیگر ممالک کی فلموں کو پیش کیا جاتا ہے۔
رواں برس بھی پاکستان اور بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک کی 60 فلموں کو فیسٹیول میں پیش کیا گیا۔ یہ فلمیں اردو سمیت خطے کی دیگر 12 زبانوں میں پیش کی گئیں۔
سرمد کھوسٹ کی ہدایتکاری میں بنائی گئی فلم ’ کملی‘ کی بھی ڈی سی فلم فیسٹیول میں نمائش کی گئی جب کہ بعد ازاں فلم نے ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔
سرمد کھوسٹ نے انسٹاگرام پر بہترین ہدایت کار جیتنے کے ایوارڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایوارڈ ملنے کی تصدیق کی۔
سرمد کھوسٹ کی پوسٹ پر متعدد شوبز شخصیات اور مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔
صبا قمر، ثانیہ سعید ، نمرہ بچہ، عمیر رانا، عدیل افضل، ایمان شاہد اور حمزہ خواجہ کی کاسٹ پر مبنی فلم ’ کملی‘ کو جون 2022 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
’ کملی‘ کو ڈی سی ساتھ ایشین فلم فیسٹیول سے قبل دیگر متعدد عالمی فلم فیسٹیولز میں بھی پیش کیا گیا تھا اور اس نے متعدد ایوارڈز بھی جیتے تھے۔ کملی نے منسک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں تین ایوارڈز حاصل کیے جن میں اداکارہ صبا قمر کو بہترین اداکارہ کا ایوارڈ، سرمد کھوسٹ کو بہترین ڈائریکٹر جبکہ فلم کو ویوورز چوائس کا ایوارڈ ملا۔
اس سے قبل نامور اداکارہ ثانیہ سعید ،جنہوں نے کملی میں ایک نابینا خاتون سکینہ کا کردار ادا کیا تھا، کو کینیڈا میں موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول (MISAFF) میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ صبا، ثانیہ اور عمیر کے علاوہ، فلم میں نمرہ بوچا، عدیل افضل، ایمان شاہد اور حمزہ خواجہ کی پہلی فلم ہے۔
سرمد کھوسٹ کی 2019 کی فلم ' زندگی تماشا' 2021 میں ہونے والے 93 ویں آسکر ایوارڈز کے لیے بہترین بین الاقوامی فلم کے زمرے میں پاکستان کی باضابطہ پیشکش تھی اور اس نے عالمی سطح پر پذیرائی اور متعدد ایوارڈز حاصل کیے۔ یہ فلم 24 جنوری 2020 کو پاکستانی سنیما گھروں میں ریلیز ہونا تھی، تاہم سنسر بورڈز سے کلیئرنس ملنے کے باوجود بھی مذہبی گروہوں کے احتجاج کی وجہ سے فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوتی رہی۔ آخر کار سرمد کھوسٹ کی جانب سے 4 اگست 2023 کو فلم ' زندگی تماشا' کو یوٹیوب اور Vimeo جیسی ویڈیو ہوسٹنگ سروسز پر ریلیز کیا گیا۔
اس کے علاوہ ’ زندگی تماشا‘ نے 2019 میں بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’کِم جی سیوک‘ ایوارڈ بھی اپنے نام کیا جبکہ 2021 میں یہ چھٹے ورلڈ فلم فیسٹول میں سنو لیپرڈ ایوارڈ فار بیسٹ فلم ایوارڈ بھی جیتنے میں کامیاب رہی۔