اے سی کم استعمال کریں، غیر ضروری لائٹس بند کریں، صرف ایک کپ چائے پئیں، چیئرمین پی سی بی کے احکامات

اے سی کم استعمال کریں، غیر ضروری لائٹس بند کریں، صرف ایک کپ چائے پئیں، چیئرمین پی سی بی کے احکامات
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی سخت احکامات دینا شروع کر دیئے ہیں، ان احکامات کی حکم عدولی کرنے والوں کو سخت قسم کی وارننگ دیدی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی جانب سے بورڈ کے تمام افسران اور ملازمین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اخراجات کم کریں۔

رمیز راجہ کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خود ان چیزوں پر عمل پیرا ہو کر اپنے آفس اور دیگر اہم اداروں کے اخراجات کو کم کیا ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تمام افسران اور ملازمین سے کہا کہ ہم نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے اخراجات کو ممکنہ حد تک کم کرنا ہے۔ اس کیلئے سب سے پہلے ضروری ہے کہ آپ لوگ دفاتر سے جاتے ہوئے تمام لائٹیں بند کرکے جائیں، ائیر کنڈشنر کا استعمال کم سے کم کریں جبکہ 2 کے بجائے ایک کپ چائے پر اکتفا کریں۔

چیئرمین پی سی کا کہنا تھا کہ میری ذمہ داری پاکستان کرکٹ ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانا ہے، اگر ایسا نہ ہو سکا تو ہمارا اس ادارے میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، جس نے یہاں رہنا ہے، اسے کام کرنا ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رمیز راجہ نے پی سی بی میں بڑی تنخواہیں لینے والے افسران بالا کو دبے الفاظ میں یہ بتا دیا ہے کہ اگر وہ اپنے عہدے پر رہنا چاہتے ہیں تو انھیں اپنی موجودگی کا جواز کام کی صورت میں فراہم کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پیش نظر صرف کھیل ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کرکٹ کو اوپر لے کر جائیں، اس کی بہتری کیلئے انتھک کام کریں، گراس روٹ لیول کو بہتر بنائیں اور پچز کا معیار اچھا کریں۔