پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سمیع اسلم بورڈ سے دلبرداشتہ: امریکا جا کر کھیلنے پر غور، میڈیا اطلاعات

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سمیع اسلم بورڈ سے دلبرداشتہ: امریکا جا کر کھیلنے پر غور، میڈیا اطلاعات
پاکستانی کرکٹ سے جڑے حلقوں میں آج کل ایک کرکٹر کے دلبرداشتہ ہو کر پاکستان کرکٹ کو الوداع کہنے اور امریکا کی جانب سے کرکٹ کھیلنے کی سرگوشیاں عام ہیں۔ کوئی اسے افسوسناک خبر قرار دے رہا ہے تو کوئی اسے گرم خون کا بے وقوفانا فیصلہ قرار دے رہا ہے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق 24 سالہ ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم نے مسلسل نظر انداز کیے جانے پر پاکستان کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کےمطابق سمیع اسلم اگلے 10 روز میں امریکا روانہ ہو جائیں گے اور اس حوالے سے سفر اور رہائش کیلئے ضروری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔

جیو نیوز نے اپنے ذرائع  کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے  کہ کرکٹر سمیع اسلم امریکا میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں گے  اور وہ مقررہ مدت پوری کرنے کے بعد امریکا کی جانب سے کھیلنے کے اہل ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ  سمیع اسلم کا امریکا کرکٹ کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے اور وہ 2 سال اور 10 ماہ امریکا میں گزارنے کی شرط پوری کریں گے، اس دوران وہ مقامی طور پر کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق سمیع اسلم ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس کے باوجود موقع نہ ملنے پر مایوس ہیں، وہ قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ سے پہلے دستبردار ہو چکے ہیں جبکہ انہوں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون سے بھی دستبرداری اختیار کی تھی۔