Get Alerts

مسلم لیگ ن میں شاہد خاقان عباسی کے لیے کوئی جگہ نہیں: مزمل سہروردی

مزمل سہروردی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن میں 'سپائلر' کا کردار ادا کیا اور انہوں نے پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا۔

مسلم لیگ ن میں شاہد خاقان عباسی کے لیے کوئی جگہ نہیں: مزمل سہروردی

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما شاہد خاقان عباسی نے لندن میں پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں شاہد خاقان  نے مفاہمت کی کوشش کی تاہم اب ان کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ باقی نہیں۔

نیا دور ٹی وی پر ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن میں 'سپائلر' کا کردار ادا کیا اور انہوں نے پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ جب مریم نواز کو مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا تو   شاہد خاقان عباسی نے پارٹی کو نقصان پہنچانے کے لیے اپنےاستعفے کا ڈرامہ رچایا۔ انہوں نے شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ پر بھی تنقید کی۔

سینئر تجزیہ کار  نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کی حکومت کو شاہد خاقان عباسی سے اس وقت نقصان پہنچا جب انہوں نے " ری امیجننگ پاکستان" ( Reimaging Pakistan)کے نام سے ایک نئی سیاسی جماعت بنائی۔

تجزیہ کار نے کہا کہ عباسی کا پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) میں شامل ہونے کا منصوبہ تھا، لیکن 9 مئی کے واقعات نے پی ٹی آئی اور اس کے سربراہ عمران خان کی سیاست کو  تباہ کر دیا جس کے بعد انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا ارادہ ترک کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب عباسی ایک یتیم سیاستدان ہیں اور وہ دوبارہ مسلم لیگ ن میں انٹری چاہتے ہیں۔

مزمل سہروردی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز  شریف نے شاہد خاقان عباسی سے کہا ہے کہ وہ میڈیا میں اپنا منہ بند رکھیں اور پھر ہم مستقبل کے لائحہ عمل کو دیکھیں گے۔

تجزیہ کار نے کہا کہ نواز  شریف نے شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کر کے بہت اچھا تاثر دیا ہے۔ حالانکہ شاہد خاقان نے مین سٹریم میڈیا میں میاں صاحب کی بیٹی اور بھائی کے خلاف ریمارکس دیے تھے۔

سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ کے اس بیان کہ 'ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکتی' کے حوالے سے سوال کیا گیا تو مزمل سہروردی کا کہنا تھا کہ وہ قوم کی عدالت میں مجرم ہیں۔ جنرل باجوہ نے صرف اپنی توسیع کی خاطر ملک کو تباہ کردیا۔