لائیو پروگرام میں پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز اور اینکر ندیم ملک میں جھگڑا

لائیو پروگرام میں پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز اور اینکر ندیم ملک میں جھگڑا
سینیٹر شبلی فراز نے سماء ٹی وی کے پروگرام میں اینکر ندیم ملک سے کہا کہ شاید میری توجہ میں کمی رہ گئی، آپ پہلے مجھے یہ بتائیں کہ ابھی جو آپ نے خبر کا حوالہ دیا، اس کے ذرائع کیا ہیں؟ اس پر ندیم ملک نے کہا کہ یہ اہم ذرائع کی خبر ہے لیکن میں اس کا نام نہیں بتا سکتا۔

یہ بات سن کر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نام کیسے نہیں لے سکتے؟ جب آپ نام نہیں لے سکتے تو پھر بریکنگ نیوز کس طرح چلا سکتے ہیں؟ اس پر ندیم ملک نے کہا کہ یہ میرے ذرائع ہیں، میں اس خبر پر بریکنگ نیوز دے سکتا ہوں۔ میرے ذرائع کہہ رہے ہیں کہ یہ خبر درست ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ دیکھیں ندیم ملک صاحب یہ مت بھولیں کہ آپ ایک نیشنل ٹیلی وژن پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ندیم ملک نے کہا کہ ہاں میں ٹیلی وژن پر بیٹھ کر بڑی ذمہ داری سے خبر دے رہا ہوں۔ اس پر پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ خبر ذمہ دار ذرائع سے ہے تو آپ ہچکچا کیوں رہے ہیں؟ نام بتا دیں۔

https://twitter.com/nadeemmalik/status/1511382961966440455?s=20&t=cNpl0yi-FmDiAiK-hCoUrA

ندیم ملک نے اس موقع پر عمران خان کی نقل اتارتے ہوئے ایک کاغذ ہوا میں لہرایا اور کہا یہ میرے پاس خط ہے، ہمیں دھمکی دی گئی ہے۔ نام بتایا تھا کہ کس کا خط تھا؟ شبلی فراز نے کہا کہ ایک سیکنڈ یہیں رک جائیں، میں کابینہ کا ممبر تھا، میں نے وہ خط دیکھا ہوا ہے۔ آپ نے تو سنی سنائی باتیں کر دی ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ آپ نے نادانستہ طور پر قوم کو مس گائیڈ کیا ہے۔ اس پر ندیم ملک نے کہا کہ میں نے کوئی مس گائیڈ نہیں کیا۔ میں نے قوم کو حقائق بتائے ہیں، میں آپ کی بات کو رد کرتا ہوں۔ میں بطور صحافی ہمیشہ اپنی خبر کو ناپ تول کر دیتا ہوں۔ یہ غلطی نہیں خبر ہے، جسے میں نے اپنے پروگرام میں رپورٹ کیا ہے۔