سلو پوائزن کے کوئی شواہد نہیں ملے، بشریٰ بی بی کی صحت تسلی بخش قرار

ڈاکٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مریضہ کو ماضی میں کوئی بیماری نہیں تھی اور طبی معائنہ میں ایسی کوئی چیز سامنے نہیں آئی جس کی بشریٰ بی بی نے شکایت کی تھی۔

سلو پوائزن کے کوئی شواہد نہیں ملے، بشریٰ بی بی کی صحت تسلی بخش قرار

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) کے ڈاکٹرز نے بانی تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا تفصیلی طبی معائنہ کرنے کے بعد میڈیکل رپورٹ جاری کی ہے جس میں ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔ سینئرز ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کے دوران بشریٰ بی بی کو سلو پوائزن دینے کے کوئی اثرات سامنے نہیں آئے۔

بشری بی بی کی طعبیت ناسازی اور پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے سلو پوائزن دینے کے الزام پر پمز ہسپتال کی4 سینیئر ڈاکٹرز کی ٹیم نے بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ کیا۔  ڈاکٹر عائشہ جاوید، ڈاکٹر عمارہ اسلام، ڈاکٹر عائشہ افضل اور ڈاکٹر ماریہ بلوچ نے بشریٰ بی بی کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ جاری کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پمز ہسپتال کے 4 سینیئر ڈاکٹروں نے جمعرات کو بنی گالہ سب جیل میں بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا۔ہسپتال کی ٹیم گیسٹرولوجسٹ،آنکھ اور کان کے سپیشلسٹس پر مشتمل تھی۔

ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی نے بتایا  تھاکہ تقریباً ڈھائی ماہ قبل کھانے کے بعد سینے میں جلن محسوس ہوئی۔کچھ روز تک منہ کا ذائقہ بھی خراب رہا جبکہ معدے میں درد کی بھی شکایت رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی کو معدے میں جلن، ہونٹوں کی سوجن اور آنکھوں میں پانی آنے کی شکایت تھی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مریضہ کے نبض، بلڈ پریشر، شرح تنفس کو چیک کیا گیا جو بالکل معمول کے مطابق تھی۔

مریضہ کی درخواست پر ان کے پیٹ کا بھی محدود معائنہ کیا گیا جس میں تمام چیزیں نارمل تھیں اور کوئی قابل تشویش بات نہیں تھی۔

ڈاکٹرز نے بشریٰ بی بی کے کانوں بھی معائنہ کیا اور اس میں بھی تمام چیزیں نارمل رہیں جبکہ آنکھوں کا معائنہ نہیں کیا گیا کیونکہ مریضہ معائنہ کرانے میں دلچسپی نہیں رکھتی تھیں۔

ڈاکٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مریضہ کو ماضی میں کوئی بیماری نہیں تھی اور تفصیلی معائنے کے بعد کوئی قابل تشویش بات یا علامات سامنے نہیں آئیں جس کے بعد ڈاکٹرز نے بشریٰ بی بی کو 14 روز کے لیے چند ادویات تجویز کیں اور چند احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔

رپورٹ کے مطابق طبی معائنہ میں ایسی کوئی چیز سامنے نہیں آئی جس کی بشریٰ بی بی نے شکایت کی تھی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے بشریٰ بی بی کو سلو پوائزن دینے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

تاہم جمعرات کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کو زہر دینے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ بشریٰ بی بی سے آج صبح ملاقات ہوئی اور ان کا معائنہ کیا۔ بشریٰ بی بی کو زہر دیے جانے کے اس وقت کوئی شواہد نہیں ہیں۔ بشریٰ بی بی کو زہر دینے سے متعلق کوئی ٹیسٹ نہیں کر رہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی بشری بی بی میں فوڈ پوائزنگ کے کوئی اثرات نہیں ملے ہیں۔ دو ماہ پہلے اگر کچھ تھا تو میں نے نہیں دیکھا اس لیے میں کہہ نہیں سکتا۔