مسئلہ کشمیر: صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا

مسئلہ کشمیر: صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا
صدر مملکت عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کیا ہے، اجلاس کا آغاز کل 6 اگست صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جب کہ مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پرغور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے آج 5 اگست بروز پیر ایک صدارتی فرمان جاری کرتے ہوئے بھارتی آئین میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کردیا ہے، جس کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی علاقہ کہلائے گی جس کی قانون ساز اسمبلی ہوگی، اس کے علاوہ مقبوضہ ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ کشمیریوں پر بھارت کے مظالم ناقابل برداشت ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا تھا کہ فی الفور مشترکہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلائیں۔



دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے تناظر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس طلب کی ہے، جس میں بھارت کے غیر آئینی اقدام کا جائزہ لیا جائے گا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں کنٹرول لائن کی صورتحال پر غور کیا جائے گا اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر غور کیا جائے گا۔