لائن آف کنٹرول، شہریوں کی نقل مکانی روکنے کے لیے اربوں روپے کے پیکیج کا اعلان

آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے مقامی آبادی کو محفوظ بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے پانچ ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے، لائن آف کنٹرول پر ہونے والی گولہ باری سے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے پانچ ارب روپے کے بجٹ سے خصوصی پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کے لیے تمام تر فنڈز وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔



اس منصوبے کے تحت لائن آف کنٹرول کی اندرونی جانب پانچ کلومیٹر کے علاقے میں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی بنکرز اور  ایمرجنسی ہیلتھ یونٹس بنائے جائیں گے جب کہ  تعلیمی اداروں اور سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ پانی و بجلی کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

آزاد کشمیر کی حکومت اس منصوبے کے لیے پی سی ون تیار کرے گی جس کے بعد یہ معلوم ہو پائے گا کہ اس منصوبے کے تحت کتنے بنکرز، سکول، ایمرجنسی ہیلتھ  یونٹس اور سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔

https://youtu.be/TOOwuKkMtGY

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں کو بھارتی گولہ بھاری سے محفوظ بنانا تو ہے ہی بلکہ ان کو نقل مکانی سے روکنا بھی مقصود ہے۔

یہ بھی پڑھِیں: پاکستان نے مغربی سرحد محفوظ بنانے کے لیے 43.7 ارب روپے کے فنڈز منظور کر لیے

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہی وفاقی حکومت نے مغربی سرحد پر بڑھتے ہوئے خطرات اور افغانستان سے دہشت گردوں کا پاکستان میں داخلہ روکنے کے لیے مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی تربیت پر آئندہ مالی سال 20-2019ء کے بجٹ میں 43.7 ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی ہے۔