Get Alerts

تحریک انصاف کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری

تحریک انصاف کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جمعہ کو قومی اسمبلی کی 9 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے جو پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے استعفوں کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

قومی اسمبلی کی 9 جنرل نشستوں پر ضمنی انتخاب 25 ستمبر کو ہوگا، کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست کے درمیان جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اگست کو ہوگی۔



واضح رہے کہ 29 جولائی کو الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف کے گیارہ ارکان اسمبلی کے استعفے موصول ہوئے تھے جس کے بعد قومی اسمبلی کی گیارہ نشستیں خالی قرار دی گئی تھیں۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے حال ہی میں پی ٹی آئی کے 11 ایم این ایز کے استعفے منظور کر لیے تھے۔

شیریں مزاری، علی محمد خان، اعجاز شاہ، فرخ حبیب، شاندانہ گلزار، فضل محمد، فخر زمان، عبدالشکور شاد، جمیل احمد اور اکرم چیمہ سمیت پی ٹی آئی کے 11 ایم این ایز کے استعفے ابتدائی طور پر منظور کئے گئے اور مزید استعفے مرحلہ وار منظور کیے جائیں گے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر نے استعفے منظور کرنے سے قبل خورشید شاہ، ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق سے مشاورت کی اور قانون سازوں کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو خط ارسال کیا تھا۔