شہدا کے لواحقین صدر علوی ملنا نہیں چاہتے تھے؟ ترجمان پاک فوج کا تبصرے سے انکار

شہدا کے لواحقین صدر علوی ملنا نہیں چاہتے تھے؟ ترجمان پاک فوج کا تبصرے سے انکار
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے اس سوال پر تبصرے سے انکار کر دیا ہے کہ کیا شہدا کی فیملیوں کے اعتراض کی وجہ سے صدر مملکت جنازوں میں شریک نہیں ہوئے؟

جیو نیوز کے پروگرام ''نیا پاکستان'' میں ہیلی کاپٹر حادثہ کے بعد سوشل میڈیا پر چلنے والی گمراہ کن کمپئن پر اپنا شدید ردعمل دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یکم اگست کو ہیلی کاپٹر کا بدقسمت حادثہ پیش آیا تو اس کے بعد ہم سب ایک کرب کی کیفیت سے گزر رہے تھے۔ لیکن ایسی مہم چلا کر ناصرف شہدا کے لواحقین اور بطور ادارہ پاک فوج کی دل آزاری کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لسبیلہ میں حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر فلڈ ریلیف کی کاررائیوں میں مصروف تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید اس سارے عمل کی نگرانی کر رہے تھے۔ موسم کی خرابی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب یہ حادثہ ہوا تو سوشل میڈیا پر بہت غلط قسم کا پروپگینڈا شروع کر دیا گیا۔ اس میں مخصوص عناصر ملوث تھے جس سے شہدا کے خاندان کو شدید دلی دکھ پہنچا۔ سوشل میڈیا پر پروپگینڈے سے ہماری بہت دل آزاری ہوئی۔

میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ہمیں ان عناصر کو سختی سے رد کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بے حسی کا رویہ ناقابل قبول ہے اور ہر سطح پر اس کی مذمت کیا جانا ضروری ہے۔ پوری قوم پاک افواج کیساتھ کھڑی ہے۔ ان کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔

جیو نیوز کی جانب سے ترجمان پاک فوج سے سوال کیا گیا کہ اسی سوشل میڈیا کمپئن میں صدر پاکستان کے بارے میں کہا گیا کہ شہدا کی فیملیاں نہیں چاہتی تھی کہ وہ جنازے میں شریک ہوں؟ اس بارے میں کیا تفصیل شیئر کرنا چاہیں گئے۔ اس پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میں اس بارے میں کمنٹ نہ کروں تو بہتر ہے۔