مجھے نکال کر جس کو لائے اس نے تو ملک کا بیڑا غرق کردیا: نواز شریف

نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نکال دیا اور اس کو لائے جس نے کہا عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دوں گا۔ وہ کٹے، مرغیاں اور انڈے کہاں گئے۔ بلین ٹری کا جھوٹ بولا۔ کہا گیا 50 لاکھ گھر دیں گے کسی کو ملا تو بتائیں۔

مجھے نکال کر جس کو لائے اس نے تو ملک کا بیڑا غرق کردیا: نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے نکالنے والے استعفیٰ دے کر چلے گئے۔ دال میں کچھ کالا ہے۔ مجھے نکال کر جس کو لائے اس نے تو ملک کا بیڑا  غرق کردیا۔

الیکشن 2024 کے سلسلہ میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ مری میں اتنی سردی کے باوجود بھی لوگ یہاں موجود ہیں۔ کل میں مری پہنچا راستے میں بہت ٹریفک تھا۔

نوازشریف نے کہا کہ 1985 میں پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا تو پہلا منصوبہ راولپنڈی سے مری روڈ تھا۔ مری میرا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے لوگ بھی مجھے بہت پیارے ہیں۔ 1950 میں پیدائش ہوئی تو 1956 میں پہلی بار مری آیا تھا۔ لاہور کے بعد سب سے زیادہ مری میں رہا ہوں۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب میں وزیراعظم تھا تو عوام کی خدمت کررہا تھا۔ میں نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔ملک میں بجلی سستی کی۔ روٹی 4 روپے، گھی 150 روپے اور چینی 50 روپے کلو تھی۔ سبزیاں 10،10روپے کلو، ڈالر 104 روپے اور پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا۔مہنگائی ختم کی تھی اور موٹرویز بنائی تھیں، سب اشیا کی قیمتیں کم کی تھیں ، ڈالر 104 روپے کا تھا، کھاد میرے دور میں سستی تھی۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ نوازشریف کا زمانہ اچھا تھا یا یہ زمانہ اچھا ہے۔ سونا 50 ہزار روپے تولہ تھا اور آج 2 لاکھ روپے تولہ ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

سابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے مستعفی ہونے والے جسٹس اعجازالاحسن کا نام لیے بغیر اُن پر  تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے کیوں نکالا؟ جس نے نکالا اچھا کیا یا برا کیا؟ آج وہ خود استعفیٰ دے کر گھر جارہے ہیں جو خود کچھ عرصہ بعد چیف جسٹس بننے والے تھے۔ دال میں کچھ کالا ہے۔  چور کی داڑھی میں تنکا ہے۔ مجھے نکالنے والے چلے گئے ہیں۔ آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ مجھے نکال کر جس کو لائے اس نے تو ملک کا بیڑا غرق کردیا۔

نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نکال دیا اور اس کو لائے جس نے کہا عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دوں گا۔ وہ کٹے، مرغیاں اور انڈے کہاں گئے۔ بلین ٹری کا جھوٹ بولا۔ کہا گیا 50 لاکھ گھر دیں گے کسی کو ملا تو بتائیں۔ ن لیگ پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گی۔ کہتا تھا کہ پاکستان کی یوتھ ہمارے ساتھ ہے۔ یہ دیکھو یوتھ تو میرے ساتھ کھڑی ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ ان شاءاللہ ہم مری کے چاروں طرف موٹروے بنائیں گے۔ میرا منصوبہ اور خواہش ہے اسلام آباد سے مری تک ٹرین لے کر آئیں۔ اسلام آباد سے مری اور پھر منظفرآباد تک ٹرین چلائیں گے۔