پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے ملک فی الفور نئے انتخابات کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کے اعزازا میں دیے گئے عشائیے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسد قیصر کی دعوت پر آج اپوزیشن کا الائنس یہاں آیا ہے، ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا اور سب جماعتوں کا یہ مؤقف تھا 8 فروری کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا، یہ منڈیٹ عوام کا منڈیٹ نہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے منصفانہ انتخابات نہیں کروائے، حکومت فی الفور مستعفی ہوکر نئے انتخابات کا اعلان کرے، چیف الیکشن کمشنر کی آئینی مدت پوری ہوچکی، نئی تعیناتی کے لیے مشاورت ہونی چاہیئے، اگر الیکشن کمیشن واقعی آزاد اور خود مختار ہے تو اسے مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
سربراہ جمعیت علما اسلام نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ نہ رکھنے والوں کو اقتدار پر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں، مقاصد کے حصول کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائےگا۔
اسد قیصر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا اس پر آج کے اجلاس میں تمام جماعتوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے، ہم چاہتے ہیں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہو اور اس کے لیے جدوجہد کرنی پڑے گی۔
شاہد خاقان عباسی
اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر بات ہوئی، موجودہ حکومت زبردستی عوام پر مسلط کی گئی ہے، نئے الیکشن ہی ملک کو دہشت گردی اور دیگر بحران سے نکالنے کا حل ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اپوزیشن نے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی معاملات پر گفتگو کی، سب جماعتوں کا یہ مؤقف تھا کہ موجودہ حکومت عوام کی نمائندہ نہیں، شرکا نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، پیکا جیسے کالے قانون کا خاتمہ ہونا چاہیئے، آنے والے وقت میں بھی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
اپوزیشن نے گرینڈ الائنس بنانے کی تیاری
قبل ازیں اپوزیشن نے گرینڈ الائنس بنانے کی تیاری کرلی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر کی رہائش گاہ پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور محمود اچکزئی کے اعزازمیں عشائیہ دیا گیا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اپوزیشن رہنماؤں نے سر جوڑ لیے، پی ٹی آئی رہنما کی بنی گالہ رہائش گاہ پر سربراہ کے جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی آمد ہوئی۔
اس موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، محمود خان اچکزئی، جنید اکبر سمیت اپوزیشن کے متعدد رہنما موجود تھے۔ اسد قیصر نے اپوزیشن رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
بعدازاں اپوزیشن گرینڈ الائنس کا اسد قیصر کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا، اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، شاہد خاقان عباسی، مصطفیٰ نواز کھوکر، عمر ایوب، شبلی فراز اور اسد قیصر، علامہ ناصر عباس اور پی ٹی آئی کے دیگر قائدین نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت کی گئی۔