Get Alerts

ہراساں کیا گیا تو سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا، ویڈیو بنا کر رکھ لی ہے: عمران خان

ہراساں کیا گیا تو سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا، ویڈیو بنا کر رکھ لی ہے: عمران خان
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مجھے سب پتہ ہے، لیکن قوم کی وجہ سے خاموش ہوں، ہراساں کیا گیا تو سب کچھ قوم کے سامنے رکھوں گا۔ یہ لوگ ملک کو انارکی کی طرف لے کر جارہے ہیں، سوشل میڈیا کا زمانہ ہے یہ چاہیں بھی تو روک نہیں سکتے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ ساری سازش اور اس کے ایک ایک کردار کا پتہ ہے، میں نے ایک ویڈیو بھی بنائی ہوئی ہے، کچھ ہوا تو وہ سامنے آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج 5 جولائی کو مارشل لا لگا کر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کو ختم کیا گیا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو ملک کو آزاد خارجہ پالیسی کی طرف لے کر جا رہے تھے۔ امریکا خوش نہیں تھا کہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی ہو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ کشمیریوں کو نظر انداز کرکے بھارت سے تعلقات ٹھیک کریں گے۔ یہ روس سے تیل بھی نہیں لیں گے۔ ان کو خوف ہے کہ جن ملکوں میں پیسہ پڑا ہے، وہ ناراض ہو گئے تو ان کی دولت خطرے میں پڑ جائے گی۔ ان کا نظریہ پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ اسرائیل کو بھی تسلیم کریں گے۔ یہ پاکستان میں اڈے بھی امریکیوں کو دے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ہر چیز مثبت سمت میں جا رہی تھی۔ ہمارے دور میں 75 فیصد برآمدات بڑھیں۔ برصغیر میں سب سے زیادہ پاکستان روزگار دے رہا تھا۔ صرف مہنگائی اوپر نہیں گئی بلکہ معیشت کے تمام اشاریے نیچے گئے۔ دو سالوں میں 75 فیصد ایکسپورٹس بڑھی تھیں۔



انہوں نے کہا کہ سازش کرنے والوں کے ذہن میں نہیں تھا کہ عوام اس طرح سڑکوں پر نکلیں گے، جو بھی اس سازش میں ملوث ہیں ان کو سوچنا چاہیے کہ ان کا نظریہ پیسہ ہے۔ یہ اپنے نظریے کے لئے سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان سب کا مقصد این آر او ٹو لینا تھا۔ ان کی ہمیں گرانے کی کوشش صرف اس لئے تھی کہ دوسری چوری پر این آر او مل جائے۔ آج اس حکومت نے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ نواز شریف کی چوری پر فلمیں بنی ہوئی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ویڈیو سے قوم کو پتا چلے گا کہ کن کن کرداروں نے کیا کیا اور اس ملک سے جو اتنی بڑی غداری کی گئی وہ کس کس نے کی۔ اگر اسی طرح ہمیں دیوار سے لگایا گیا اور ہراساں کیا گیا تو پھر مجبور ہو کر بولوں گا۔ پھر سب کچھ قوم کے سامنے رکھ دوں گا کہ کیا ہوا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے سب پتا ہے کہ کس نےکیا کیا۔ میں چپ ہوں اپنی قوم کے لئے۔ چاہتا ہوں ملک کو نقصان نہ پہنچے، اس لئے کوئی بات نہیں کرتا۔ مجھے پتہ ہے کس طرح یہ سازش ہوئی اور اس سازش میں کون کون ملوث ہے۔ میں نے ایک ویڈیو بنائی ہے اور محفوظ جگہ پر رکھی ہوئی ہے۔