Get Alerts

کارکے رینٹل پاور پلانٹ کیس: ترک صدر کی مدد سے تنازع حل کر کے 1.2 ارب ڈالر بچا لیے، وزیراعظم

کارکے رینٹل پاور پلانٹ کیس: ترک صدر کی مدد سے تنازع حل کر کے 1.2 ارب ڈالر بچا لیے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کارکے رینٹل پاور پلانٹ تنازع حل ہو گیا ہے اور ہماری حکومت نے پاکستان پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا جرمانہ بچا لیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی مدد سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے کارکے تنازع کامیابی سے حل کر لیا ہے اور سرمایہ کاری کے تنازعات کے حل کے لیے بین الاقوامی مرکز (آئی سی ایس آئی ڈی) کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے 1.2 ارب ڈالرز جرمانے کی رقم بچا لی ہے۔



انہوں نے اس شاندار کامیابی پر حکومت کی مذاکراتی ٹیم کو دلی مبارکباد بھی پیش کی، تاہم انہوں نے یہ تفصیلات نہیں بتائیں کہ یہ تنازع آخر حل کیسے ہوا۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے بھی ٹویٹر پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کارکے پاور پلانٹ کا معاملہ طے ہونا مثبت پیشرفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر اب عوام کی ترقی اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے خرچ کرے گی۔



واضح رہے کہ ' کارکے' ان 12 رینٹل پاور کمپنیوں میں سے ایک تھی جن سے پیپلز پارٹی کی حکومت نے توانائی کے بحران کے حل کے لیے 09-2008 معاہدے کیے تھے۔