پیسہ چوری کرنیوالے اپنا فیورٹ آرمی چیف لانا چاہتے ہیں: عمران خان

پیسہ چوری کرنیوالے اپنا فیورٹ آرمی چیف لانا چاہتے ہیں: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پیسہ چوری کرنے والے اپنا فیورٹ آرمی چیف لانا چاہتے ہیں۔ زرداری اور نواز شریف کو اچھی طرح علم ہے کہ اگر محب وطن آرمی چیف آ گیا تو ان سے حساب لے گا۔

یہ بات انہوں نے گذشتہ روز فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ زرداری اور نواز شریف کی پوری کوشش ہے کہ ایسا آرمی چیف آئے جو ان کا اپنا ہو۔ یہ اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں کیونکہ پیسہ انہوں نے چوری کیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ ڈرتے ہیں کہ یہاں کوئی تگڑا آرمی چیف آگیا، ایک محب وطن آرمی چیف آگیا تو وہ پوچھے گا ان سے، اس ڈر سے یہ دونوں بیٹھے ہوئے ہیں کہ یہ دونوں مل کر اپنا آرمی چیف اپوائنٹ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو سنبھال نہیں پارہے، ملک کے حالات بگڑتے جارہے ہیں، آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا کہ سیاسی استحکام آنے تک ملک کے حالات بگڑتے جائیں گے، مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جائے گی لیکن یہ الیکشن کرانے سے ڈرتے ہیں، ان کو پتہ ہے جب الیکشن ہوا تو ان کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قوم چوروں کو ہم پر مسلط کرنے والوں سے جواب مانگ رہی ہے، چوروں کو ہم پر مسلط کرنے والوں نے غداری کی، ان چوروں نے آتے ہی 1100 ارب روپے کی چوری معاف کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج مزدوروں، کسانوں اور صنعتکاروں کے برے حالات ہیں، 4 ماہ میں مہنگائی آسمان پر اور معیشت زمین پر آگئی ہے، آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ مہنگائی مزید بڑھے گی اور پاکستان کے معاشی حالات کی بہت بڑی وجہ حکومتی کرپشن ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے تاریخی ٹیکس اکٹھا کیا، ہم نے ملکی دولت میں اضافہ اور کرپشن میں کمی کی، ہم نے پٹرول کی قیمت کم رکھی، عوام پر بوجھ نہیں پڑنے دیا، ہمارے دور میں بجلی کی قیمت 18 روپے یونٹ تھی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ساڑھے 3 سالہ دور میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ترقی کی، لوگوں کو روزگار ملا، ہمارے دور میں 4 فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی، تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کو اپنا حق دلایا، کسانوں کو شوگرملز مالکان سے بروقت رقم دلوائی۔