گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 1000 تعلیمی وظائف کا اعلان کر دیا

گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 1000 تعلیمی وظائف کا اعلان کر دیا
عالمی سرچ انجن گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک ہزار سکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔ ان وظائف کے لئے مختص رقم کی مالیت 5 لاکھ ڈالر ہے۔

گوگل یہ وظائف ایک پاکستانی ادارے Tech Valley کے توسط سے طلبہ کو فراہم کرے گا۔ بلوچستان میں ہونے والی ایک تقریب میں صوبائی حکومت اور Tech Valley Pakistan کے مابین معاہدے کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کے تحت بلوچستان کی مختلف جامعات اور کالجز میں خصوصی کورسز شروع کیے جائیں گے اور دور دراز کے علاقوں سے طلبہ کو تعلیمی اداروں میں لانے کے لئے ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی جائے گی۔

تقریب میں صوبائی محمکہ تعلیم اور محکمہ صحت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی میزبانی چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے گوگل کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دفتر کھولنے کی دعوت بھی دی۔

ان سکالرشپس میں گوگل پروجیکٹ مینجمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، آئی ٹی سپورٹ، ایڈوانس بزنس انٹیلیجنس، سائبر سکیورٹی اور ڈیزائننگ کے شعبہ جات شامل ہیں۔ تقریب میں چیف سیکرٹری بلوچستان نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان سکالرشپس کے تحت فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو ملازمتیں بھی دی جائیں گی۔