میجر لاریب کا قتل، پکڑے گئے مشتبہ ملزمان کون ہیں؟

میجر لاریب کا قتل، پکڑے گئے مشتبہ ملزمان کون ہیں؟
اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے گذشتہ ماہ کے آخری دنوں میں قتل ہونے والے پاک فوج کے جوان میجر لاریب کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

آئی جی پولیس عامر ذوالفقار خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی کمپنی کے قریب پارک میں پاک آرمی کے میجر لاریب حسن کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تاہم آئی جی پولیس نے زیر حراست مشتبہ ملزمان کی گرفتاری کیسے اور کہاں سے عمل میں آئی، قتل کے محرکات سے متعلق تفصیلات نہیں بتائیں۔ انہوں نے اتنا ہی بتایا کہ میجر لاریب حسن کو قتل کرنے والے مشتبہ ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے۔

واضح رہے کہ لاریب حسن کو اسلام آباد کے علاقے تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں 22 نومبر کو قتل کردیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ پاک فوج کے افسر پارک میں بیٹھے تھے کہ 2 نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ان کے سر پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

پولیس نے مزید بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کی واردات کا نہیں لگتا، تاہم ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 2 تحقیقاتی ٹیمیں بنا دی تھیں۔ پولیس نے مقتول کے بھائی زوہیب کی مدعیت میں پاکستان کی دفعہ 302 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

ایف آئی آر میں مقتول کے بھائی کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ ان کے بھائی میجر لاریب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔