Get Alerts

سندھ کا مقدمہ، پنجاب میں کیوں؟ لاہور میں آصف علی زرداری کے حق میں پوسٹرز آویزاں

سندھ کا مقدمہ، پنجاب میں کیوں؟ لاہور میں آصف علی زرداری کے حق میں پوسٹرز آویزاں
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سابق صدر آصف علی زرداری کے حق میں پوسٹر آویزاں، پوسٹرز لاہور پریس کلب، پنجاب اسمبلی، پاک ٹی ہاؤس سمیت شہر کی اہم عمارتوں پر لگائے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں احسن رضوی اور ذیشان شامی نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پوسٹر مہم کا آغاز کر دیا۔ لاہور پریس کلب، پنجاب اسمبلی، پاک ٹی ہاؤس سمیت اہم عمارات پر سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کے حق میں پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔

پوسٹررز پر ریلیف نہیں، علاج دو۔ بھیک نہیں، انصاف دو۔ جیسے احتجاجی نعرے درج کیے گئے ہیں۔



پیپلز پارٹی لاہور کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری احسن رضوی کا کہنا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خرابی صحت کے حوالے سے کارکنان میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، اس پوسٹر مہم کا مقصد پنجاب کے ادیبوں، دانشوروں اور صحافیوں کو سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔



پیپلزپارٹی لاہور کے ذیشان شامی کے مطابق پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور آئندہ بھی ہمیں امید ہے کہ پاکستان کی فاضل عدلیہ آصف علی زرداری کو فوری انصاف فراہم کرے گی۔



انہوں نے بتایا کہ پوسٹر مہم کے اگلے مرحلے میں پنجاب کی کورٹ کچہریاں ٹارگٹ کی جائیگی تاکہ معزز وکلا اور ججز کی توجہ حکومت اور نیب کی جانب سے آصف علی زرداری کیساتھ ہونے والی زیادتی پر دلائی جا سکے۔

یاد رہے کہ اس وقت سابق صدر آصف علی زرداری منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔