پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی نیوٹرل نہیں ہیں، اب پیپلزپارٹی کو پنجاب میں لانے کی کوشش ہو رہی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عدم اعتماد کے ووٹ کے سلسلے میں سازش ہو رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اب تک ان کے تین ارکان اسمبلی کے ساتھ وفاداری بدلنے کے لیے رابطہ کیا جا چکا ہے۔
سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کوایک دفعہ پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، اس لیے مخالفین کے تمام مقدمات ختم ہوگئے، ایک آدمی شہبازشریف کو جینیس سمجھتا تھا، دیکھیں اب ملک کا کیا حال ہوگیا۔
یاد رہے کہ عمران خان نے اپنی پارٹی کے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ اگر پنجاب اسمبلی کی تحلیل میں رکاوٹ ڈالی گئی توتحریک انصاف کے اراکین مستعفی ہو جائیں گے۔