عظمیٰ کاردار کا پارٹی رکنیت ختم کیے جانے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

عظمیٰ کاردار کا پارٹی رکنیت ختم کیے جانے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ
پی ٹی آئی رہنما اور سابق ترجمان پنجاب حکومت عظمیٰ کاردار نے پارٹی رکنیت ختم کرنے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اپنی رکن عظمیٰ کاردار کی بنیادی رکنیت ختم کر دی تھی۔ پارٹی کے اس فیصلے کے خلاف عظمی کاردار نے آج درخواست دائر کر دی جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ کسی پبلک پلیٹ فارم پر پارٹی کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔

عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ فیصلے کے خلاف پارٹی کی ایپلٹ کمیٹی میں درخواست دائر کرنے جارہی ہوں لیکن میں اب بھی اپنے قائد عمران خان اور پارٹی کے ساتھ کھڑی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے لیے خون پسینہ دیا ہے اور پارٹی کے ساتھ ہوں، آڈیو لیک کی سازش میرے خلاف ہوئی ہے، وکلا کی مشاورت سے اقدام کروں گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار کی خاتون اول کے حوالے سے گفتگو پر مبنی ٹیلی فونک کال لیک ہوئی تھی جس کے بعد انہیں حکومتِ پنجاب کے ترجمان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔