پنجاب حکومت نے ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کے گھر آٹے کا ٹرک پہنچا دیا

پنجاب حکومت نے ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کے گھر آٹے کا ٹرک پہنچا دیا
پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کو آٹا بحران پر تنقید کرنے پر حکومت نے آٹے کا پورا ٹرک ان کے گھر پہنچا دیا۔

محکمہ خوراک پنجاب کے چیئرمین عمر تنویر نے آٹے کے بحران پر تنقید کرنے پر آٹے کا پورا ٹرک ہی ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کے گھر پہنچا دیا۔ محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے عظمیٰ بخاری کے گھر کی گھنٹی بجا کر کہا میڈم آٹا لے لیں۔

اس حوالے سے عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے کہنے پر میرے گھر کے باہر تماشا کیا گیا، محکمہ خوراک کے اہلکار  آٹے کے 30، 40 تھیلے گھر کے باہر رکھ کر چلے گئے۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ دراصل میں نے کل ایک ٹاک شو میں کہا تھا کہ ماڈل ٹاﺅن میں بھی آٹا نہیں مل رہا جس پر پنجاب حکومت کی جانب سے تماشہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نااہل حکومت کو ہمیں ہی بتانا ہے کہ آٹا کہاں نہیں ہے تو یہ استعفے دیں اور گھر جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے کنٹرولر فوڈ کو کہا کہ میرے گھر کے باہر تماشا کیوں کر رہے ہیں جس پر کنٹرولر فوڈ کا اصرار تھا کہ ٹرک آپ کے گھر کے باہر کھڑا رہے گا۔

عظمی بخاری نے جواب دیا کہ ٹرک وہاں لے کر جائیں جہاں آٹا نہیں مل رہا۔

دوسری جانب چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عظمیٰ بخاری نے ایک پروگرام میں آٹے کی قلت کی بات کی تھی اور خواہش کا اظہار کیا تھا کہ آٹا ان کے گھر بھجوایا جائے، یہی وجہ ہے کہ آٹے کا ٹرک ان کے گھر بھیجا گیا۔

عمر تنویر بٹ نے عظمیٰ بخاری پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ بخاری صاحبہ کہیے گا آپ کے گھر آٹے کا ٹرک پہنچ گیا ہے، اب تو آپ کے ہاں آٹے کی کوئی کمی نہیں ہو گی؟ آپ خود بھی آٹا کھائیں اور عزیز و اقارب کو بھی دیں۔