نمبرز بلاک نہیں ہوئے، اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان رابطے ہو رہے ہیں: اعجاز الحق

نمبرز بلاک نہیں ہوئے، اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے درمیان رابطے ہو رہے ہیں: اعجاز الحق
مسلم لیگ ضیاء الحق کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا ہے کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے نمبرز بلاک نہیں ہوئے، دونوں کے رابطے ہو رہے ہیں۔ مریم نواز ایسی باتیں نہ کیا کریں، کہیں ان کا نمبر بلاک نہ ہو جائے۔

سماء ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کسی کیساتھ دشمنی نہیں کرتی۔ ہاں یہ بات ضرور ہے کہ کسی بات پر ناراضی ضرور ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے سازش کے ذریعے اقتدار سے نکالا گیا جبکہ اسٹیبلشمنٹ سمجھتی ہے کہ ہمارے خلاف بہت ہی سخت زبان استعمال کی گئی۔ تاہم دونوں جانب رابطے بند ہونے کی خبریں غلط ہیں۔ ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔

اعجازالحق نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جنرل ضیاء الحق کے دور میں پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطہ تھا۔ یہ دور تو اتنا پیچدہ اور سخت تو نہیں ہے۔ اسٹیبلشمنٹ میں کبھی ایسا نہیں ہوتا کہ کسی سے دشمنی کی جائے جب کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ میں رابطے ہو رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران سپریم کورٹ جانے سے تحریک انصاف کی سیاست کمزور ہوئی۔ ایسا نہیں ہوتا کہ آپ ایک فیصلہ کر لیں اور پھر عدلیہ سے اجازت طلب کرتے پھریں۔

اعجازالحق نے کہا کہ نمبر دونوں جانب سے کھلے ہیں۔ نمبر کبھی بلاک نہیں ہوتے۔ اگر عمران خان اب لچک کا مظاہرہ کر رہے ہیں تو اب دوسروں میں بھی آنی چاہیے۔ مریم نواز دعویٰ نہ کریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ ان کے نمبرز ہی بلاک نہ ہو جائیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کیلئے بھی سیاسی راستے بند کرنے کوشش کی گئی لیکن وہ بھی حکومت میں آگئے۔