امریکہ کی سابق وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے پہلی بار واضح طور پر یہ کہا ہے کہ وہ 2020ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی۔
انہوں نے کہا:’’میں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی لیکن میں اپنے آدرشوں کے فروغ کے لیے کام کرتی رہوں گی۔‘‘
ہلیری کلنٹن 2016ء میں ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف صدارتی امیدوار تھیں۔
ہلیری کلنٹن نے کہا:’’میں پریقین ہوں اور لوگ بھی یہ ادراک رکھتے ہیں کہ میں کھُل کر اپنے مؤقف کا اظہار کرتی رہوں گی۔ میں کہیں پر نہیں جارہی۔ اس وقت ہمارے ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، میں اس پر گہری تشویش کا شکار ہوں۔‘‘
ہلیری کلنٹن نے حالیہ دنوں میں بہت سے ایسے ڈیموکریٹ رہنماؤں سے ملاقات کی ہے جو پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں جن میں سابق نائب صدر جو بائیڈن بھی شامل ہیں جنہوں نے اب تک اس بارے میں کوئی بات نہیں کی۔
ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا:’’میں نے سب سے یہ کہا ہے کہ کسی بھی معاملے کو نظرانداز مت کریں، بہت سے حقیقی مسائل موجود ہیں اور موجودہ انتظامیہ کی جانب سے بہت سی وعدہ خلافیاں بھی کی گئی ہیں جنہیں نمایاں کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
واضح رہے کہ امریکہ میں اب تک کوئی خاتون صدر منتخب نہیں ہوئی۔ ہلیری کلنٹن پہلی خاتون تھیں جنہوں نے کسی بڑی سیاسی جماعت کی جانب سے صدارتی انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ کامیاب نہیں ہو پائیں۔