وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک حقیقت ہے، منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں، دوسرا مرحلہ نہایت اہم اور جلد شروع ہو گا، پاکستانی طلبہ کے لیے سی پیک میں بڑی خوشخبری پر کام ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات عاصم سلیم باجوہ نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو میں کہا کہ سی پیک قومی منصوبہ ہے، دوسرا مرحلہ نہایت اہم اور جلد شروع ہو گا، منصوبے کے دوسرے مرحلے میں زرعی، صنعتی، تجارتی، سائنس و ٹیکنالوجی شعبوں پر توجہ مرکوز ہے۔
عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں اقتصادی زونز فعال کرنا ترجیح ہے، گوادر کی ترقی کے منصوبے بھی دوسرے مرحلے میں شامل ہیں۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کہ پاک، چین مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس جلد منعقد ہو گا۔ سی پیک کے تحت تمام خصوصی اقتصادی زونز پر کام تیزی سے جاری ہے۔ چین، پاکستان میں پیسٹ کنٹرول سینٹر قائم کرے گا۔ فصلوں کو بیماریوں سے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے بیجوں کا معیار بہتر بنایا جائے گا۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کے لیے سی پیک میں بڑی خوشخبری پر کام ہو رہا ہے۔ 20 ہزار پاکستانی طلبہ اسکالرشپس پر چین جائیں گے۔ اسکالرشپ منصوبے پر بہت پیش رفت ہو چکی ہے، جلد اعلان ہو گا۔
عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کے طور پر اضافی ذمہ داری ملی ہے، وزارت اطلاعات اور میڈیا میں بہتری لانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں، تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور کوششیں کروں گا۔