پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی گاڑی سے ٹکرانے والی گاڑی کے مالک اور ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گاڑی کا مالک طاہر نذیر مرید کے کا رہائشی ہے جس نے گرفتاری کے بعد بیان میں بتایا کہ اس نے وہ کار وجاہت علی نامی شخص کو کرائے پر دی تھی جو اپنی فیملی کے ساتھ اسلام آباد جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی کار اور ڈرائیور وجاہت علی کو تھانہ مرید کے لایا گیا جہاں کار ڈرائیور نے بتایا کہ شہباز گل کی گاڑی کو ٹکر غلطی سے لگی، اس نے انہیں قتل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ایکسیڈنٹ ہونے کے بعد وہ جائے حادثہ پر کچھ دیر رکا لیکن جونہی شہباز گل کو گاڑی سے نکلتے دیکھا تو ڈر کے مارے جائے حادثے سے بھاگ کھڑا ہوا۔
پولیس کے مطابق جائے حادثہ کے شواہد اور وجاہت علی سے تفتیش کے مطابق یہ ایک عام کار حادثہ ہے جو ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے ڈاکٹر شہبازگل کو موٹر وے پر پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کرانے کا حکم دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ڈاکٹر شہباز گل کے زخمی ہونے پر اظہار ہمدردی اور افسوس کیا اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر شہبازگل اور دیگر زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔