پنجاب پولیس اہلکاروں کے ہیلتھ اینڈ ویلفیئر فنڈز کو بڑھا دیا گیا

پنجاب پولیس اہلکاروں کے ہیلتھ اینڈ ویلفیئر فنڈز کو بڑھا دیا گیا
پنجاب پولیس کے ملازمین کی ہیلتھ اینڈ ویلفیئر کے لئے انقلابی اقدامات جاری، پولیس ملازمین کے ہیلتھ ویلفیئر فنڈز کو 20 گنا سے بڑھا کر 30 گنا کر دیا۔

آئی جی پنجاب نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کر دیا جس میں بتایا کہ پولیس افسران اور ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر پر ماضی کی نسبت دو ہزار فیصد زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔ مختلف پراجیکٹس سے حاصل آمدن کے ذریعے سپاہ کی ویلفیئر پر 140 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے مطابق رواں برس بہتر پراجیکٹ انویسٹمنٹ کے ذریعے انشااللہ 200 کروڑ روپے سے زائد آمدنی حاصل ہو گی۔ اگلے سال پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر پر پہلے سے زیادہ فنڈز صرف کئے جائیں گے۔ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ بالخصوص بچوں کی ویلفیئر ہماری ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور  کا مزید کہنا تھا کہ پولیس پٹرول پمپس، زمینوں دیگر وسائل سے حاصل آمدن کو بہتر مینجمنٹ اور سرمایہ کاری سے کئی گنا بڑھایا گیا ہے۔ زائد آمدن کو پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

آئی جی پنجاب کے مطابق ہیلتھ ویلفیئر پالیسی کے تحت تمام کانسٹیبلز،اور اہل خانہ کی مرحلہ وار سکریننگ کر رہے ہیں۔سکریننگ رزلٹ کے مطابق 05 ہزار ملازمین ایسی بیماریاں کا شکار ہیں جن کا انہیں علم نہیں تھا ۔ان بیماریوں سے ملازمین کے دل ،جگر،گردے، دیگر اہم اعضاء متاثر و خراب ہو رہے تھے۔ ادارہ ان بیماریوں کا شکار تمام ملازمین کا علاج بھی کروائے گا۔سنگین ہونے سے پہلے ان کا تدارک بھی ہوگا۔ اگلے مرحلے پر ملازمین کے اہل خانہ اور بچوں کی سکریننگ شروع ہوگی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ان تمام اقدامات کے بدلے میں محکمہ آپ سے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بے لوث خدمت کا متقاضی ہے۔ مظلوم کے دست و بازو بن کر ظالموں ، چوروں،  ڈکیتوں ، منشیات فروشوں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔ لوگوں کو انصاف کی باآسانی فراہمی یقینی بنا کر پاکستان کو پہلے سے زیادہ محفوظ بنائیں۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔