بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ، پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ٹیسٹ “ دا ویسٹ ٹیسٹ” کہلائے گا۔ پرتھ سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی پہاڑی “ دا ویسٹ ہل” بھی بنائی جارہی ہے۔
این آر ایم اے انشورنس کے تعاون سے ویسٹرن آسٹریلیا کی کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرتھ سٹیڈیم میں کھیلا جانے والا ہر ٹیسٹ میچ اب “ دا ویسٹ ٹیسٹ” کے نام سے کہلایا جائے گا۔ جس کا اطلاق پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم دسمبر میں آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے دسمبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچ آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا کے مانوکا اوول کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز کا آغاز 14دسمبر سے ہو گا۔ سیریز کا دوسرا میچ پہلے ہی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کہلائے گا جو کہ 26دسمبر( باکسنگ ڈے) سے 30 دسمبر تک ملبورن کرکٹ گراؤنڈ جبکہ تیسرا سڈنی کرکٹ گراونڈ میں 3 جنوری 2024 سے 7 جنوری 2024 کو کھیلا جائے گا۔
شائقین کرکٹ کو بہترین ماحول اور نظارہ فراہم کرنے کے لیے پرتھ سٹیڈیم میں خصوصی پہاڑی بنائی جا رہی ہے جسے “ دا ویسٹ ہل” کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پہاڑی تاریخی واکا سٹیڈیم کی طرح شائقین کرکٹ کو کھیل کا بہترین نظارہ فراہم کرے گی۔ یہاں 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ “ دا ویسٹ ہل” پر فیملیز کے بیٹھنے اور بچوں کے کرکٹ کھیلنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
جنرل منیجر ایونٹس اینڈ آپریشنز کرکٹ آسٹریلیا جوئیل موریسن کا کہنا ہے کہ “ دا ویسٹ ٹیسٹ” اور “ دا ویسٹ ہل” نہ صرف شائقین کرکٹ کو انٹرنیشنل کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کا ایک شاندار تجربہ دیں گےبلکہ آسٹریلین سمر آف کرکٹ کو بھی ایک نئی جدت فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ بعد گزشتہ سال آسٹریلیا مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان نے آسٹریلیا اور پاکستان کی تاریخی رائیولری کو دوبارہ زندہ کردیا ہے لہذا “ دا ویسٹ ٹیسٹ” سے متعلق اعلان کا یہ موزوں وقت ہے۔
سی ای او ڈبلیو اے کرکٹ کرسٹینا میتھیوز کا کہنا ہے کہ “ دا ویسٹ ٹیسٹ” ویسٹرین آسٹریلیا کے لیے فخر کا مقام ہے کیونکہ اس سے ان کا شاندار سٹیڈیم اور یہاں کی سہولیات دنیائے کرکٹ تک پہنچیں گی۔ وہ آئندہ سالوں میں بھارت اور انگلینڈ کی آمد کے موقع پر ویسٹ ٹیسٹ کے لیے کرکٹ آسٹریلیا اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر تعاون کرنے کے منتظر ہیں۔