فشریز ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبے بھر میں مینڈک اور کچھووں کی فارمنگ کا فیصلہ کیا ہے اور تجویز منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کو ارسال کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ جنگلات پنجاب کے ذیلی شعبے فشریز ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب حکومت کو مینڈک اور کچھووں کی بریڈنگ کے حوالے سے تجاویز بھیجی ہیں۔ منظوری کی صورت میں آئندہ برس سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں مینڈک اور کچھووں کی فارمنگ شروع کی جاسکتی ہے۔
محکمہ جنگلات کے نمائندے کے مطابق اس وقت پاکستان میں کہیں بھی مینڈک اور کچھووں کی فارمنگ نہیں ہو رہی، میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹیز میں تجربات کے لیے یا تو وائلڈ سے مینڈک پکڑنا پڑتے ہیں یا پھر کچھ ادارے بیرون ممالک سے امپورٹ کرتے ہیں۔ اگر مقامی سطح پر مینڈک اور کچھووں کی فارمنگ شروع ہوتی ہے تو اس سے فارمرز کو اچھی قیمت مل سکے گی اور وائلڈ میں موجود مینڈک اور کچھوے بھی بچ جائیں گے۔
اس کے علاوہ فارمنگ کے ذریعے مینڈک اور کچھوے تھائی لینڈ، چین، تائیوان سمیت دیگر ممالک کو ایکسپورٹ کیے جاسکیں گے کیونکہ بین الاقوامی سطح پر مینڈک اور کچھوے بطور سی فوڈ استعمال ہوتے ہیں اور انتہائی مہنگے داموں بکتے ہیں۔