وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اپنی آخری ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بشیر میمن نے کہا کہ میں نے عمرے کی چھٹی کے لئے درخواست دے رکھی تھی، اور میرے جانے میں دو دن باقی تھے۔ اس ملاقات میں وزیر اعظم بھی تھے، پرنسپل سیکرٹری بھی تھے۔ مجھے کہا گیا تھا کہ تمام اہم کیسز پر بات چیت ہوگی، میں وہ فائلیں بھی لے گیا۔ یہاں مجھے کہا گیا کہ K-Electric تباہ ہو گئی۔ میں نے کہا کہ جی ان کے پاس سوئی گیس کے 87 ارب روپے ہیں، اور یہ کوئی الزام نہیں تھا، FIA یہ ثابت کر چکی تھی۔ ان کی طرف پیسے بنتے تھے، اب کمپنی تباہ ہو گئی یا چل گئی، اس کا FIA سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ عمران خان صاحب کا خیال تھا کہ ہمیں یہ کیس نہیں بنانا چاہیے تھا۔ میں نے وزیر اعظم کو کہا کہ جناب وہ کمپنی تباہ ہو گئی ہے یا جو بھی ہے، اب اگر انہوں نے SNGPL کے پیسے دینے ہیں تو وہ تو دینے ہیں۔ اس پر وہ بہت ناراض ہوئے۔