حافظ آباد میں معذور طالبعلم نے سپیشل ایجوکیشن بورڈ کے تحت میٹرک امتحان میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ نعمان بشیر سکول سے واپسی پر اپنے والد کے ساتھ جوتے بنانے کا کام بھی کرتا ہے تاکہ اپنی پڑھائی کے اخراجات پورے کر سکے۔
پیدائشی طور پر ٹانگوں سے معذور نعمان بشیر آٹھ سال سے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول حافظ آباد میں زیر تعلیم ہے۔
نعمان بشیر نے میٹرک کے سالانہ امتحان میں 1100 میں سے 758 نمبر حاصل کرکے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
محکمہ سپیشل ایجوکیشن پنجاب کی سیکریٹری صائمہ سعید، جو کہ یونیسیف کی ترجمان بھی ہیں، نے پوزیشن ہولڈر نعمان بشیر اور اس کی ٹیچر عاصمہ بتول کو اعزازی سرٹیفکیٹ اور گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔
نعمان بشیر کا کہنا ہے کہ والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کے حوصلے کی وجہ سے کامیابی ملی۔
ذہین طالبعلم آئی ٹی کے شعبہ میں مزید تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرنا چاہتا ہے لیکن وسائل کی کمی کے باعث حکومتی توجہ کا طلبگار ہے۔
غربت اور تنگدستی میں مبتلا نعمان کے والدین بیٹے کی اس عظیم کامیابی پر خوش ہیں اور وہ چاہتے ہیں ان کا بیٹا اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک کا نام روشن کرے۔
ٹانگوں سے معذور نعمان بشیر نے کبھی اپنی معذوری کو مجبوری نہیں سمجھا۔ بلند حوصلے اور عزم و ہمت کی مثال نعمان بشیر دوسروں کیلئے مثال ہے۔