حریم شاہ وزیر اعظم ہاؤس میں کیسے داخل ہوئی؟ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اعظم خان پر اظہار برہمی

حریم شاہ وزیر اعظم ہاؤس میں کیسے داخل ہوئی؟ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اعظم خان پر اظہار برہمی
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کے ہاتھوں مبینہ ہراسانی کا شکار طیبہ گل کے معاملے پر بحث ہوئی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کئی بار آپ کو کمیٹی میں بلایا اور آپ کمیٹی میں پیش نہیں ہوئے اور آج اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے توسط سے ہم نے آپ کو بلایا۔ اعظم خان نے کمیٹی کو بتایا کہ میں اسلام آباد سے باہر تھا اور میں نے اپنا نمبر تبدیل کیا تھا جس کی وجہ سے مجھ سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے طیبہ گل کے معاملے پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میں زندگی میں کبھی طیبہ گل نامی خاتون سے نہیں ملا ہو اور نہ ہی نیوز ون ٹی وی کے مالک طاہر خان سے کبھی بلیو ایریا میں ملاقات ہوئی ہے اور اگر وہ وزیر اعظم ہاؤس آئے ہیں تو مجھے یاد نہیں ہے۔ اعظم خان نے کمیٹی کو بتایا کہ طیبیہ گل نے مجھ پر جو الزامات لگائے میں ان کی مکمل تردید کرتا ہو۔

کمیٹی ممبر شیخ روحیل اصغر نے اعظم خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ حریم شاہ نے وزیر اعظم ہاؤس کے دروازے پر لات ماری اور سرکاری کرسی پر بیٹھ گئی کیا اس سے بڑی توہین کوئی ہوسکتی ہے؟ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ممبر روحیل اصغر سابق وزیر اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان پر برہم ہوئے۔

اعظم خان نے کمیٹی کو بتایا کہ میں وزیر اعظم کا پرنسپل سیکرٹری تھا اور مجھے نہیں پتہ تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں کون آرہا ہے اور کون جارہا ہے اور یہ میری زمہ داریوں میں نہیں تھا۔

اعظم خان نے کمیٹی کو بتایا کہ طیبہ گل نامی خاتون نے سیٹیزن پورٹل پر جو درخواست دی تھی وہ کمپیوٹرائزڈ نظام ہوتا ہے اور اس میں انسانوں کی کمیونیکیشن نہیں ہوتی ہے اور وہ ایک خود کار نظام ہوتا ہے جو متعلقہ وزارتوں کو جاتا ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے وزارت انسانی حقوق اور وزیر اعظم ہاؤس کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔
ک

کمیٹی نے اعظم خان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جب آپ موبائل نمبر تبدیل کرتے ہو تو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سمیت زمہ دار فورمز کو نیا نمبر مہیا کریں۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔