فاطمہ بھٹو کے خلاف ٹویٹ: جیالے ‏بلاول بھٹو کے پولیٹکل سیکرٹری جمیل سومرو پر برس پڑے

فاطمہ بھٹو کے خلاف ٹویٹ: جیالے ‏بلاول بھٹو کے پولیٹکل سیکرٹری جمیل سومرو پر برس پڑے
کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی اور مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو اور غنویٰ بھٹو کے خلاف ٹویٹ پر سیاسی کارکنان نے جمیل سومرو کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ ایک طرف پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے کارکنان نے جمیل سومرو کی جانب سے نامناسب زبان کے استعمال پر افسوس اور غصے کا اظہار کیا تو دوسری طرف پیپلز پارٹی کے جیالوں نے بھی جمیل سومرو کی متنازع ٹویٹ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔



‏سینئر صحافی امتیاز چانڈیو نے جمیل سومرو کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس انسان کی اپنی ٹکے کی عزت ہو، جو ایک گھر کا ملازم ہو، وہ بھٹو فیملی کے خلاف لکھنے سے پہلے سوچے کہ ان کے اردگرد ایسی سچی کہانیاں ہیں اگر ایک بھی منظر پر آجائے تو وہ منہ چھپاتے پھریں۔



صحافی نعمت خان نے جمیل سومرو کی ٹویٹ کے جواب میں سوال کیا کہ کیا یہ واقعی بلاول بھٹو کے سیاسی مشیر جمیل سومرو ہیں؟ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی کزن فاطمہ بھٹو اور آنٹی غنویٰ بھٹو کے خلاف جمیل سومرو کی جانب سے استعمال کیے گئے الفاظ کو ہرگز پسند نہیں کریں گے۔

‏ٹویٹر پر راشد علی کلہوڑو نے کہا کہ جمیل سومرو بھٹو خاندان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

امیر علی نامی شخص نے ٹویٹ کیا کہ جمیل سومرو بلاول ہاؤس کا تنخواہ دار ملازم ہے اور اس کی جانب سے فاطمہ بھٹو کے خلاف ایسی ٹویٹ حیران کن نہیں۔

سماجی ویب سائٹ پر ساگر سروان نامی شخص نے جمیل سومرو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ڈھنگ کے بندے لگتے تھے لیکن جس طرح آپ نے فاطمہ بھٹو کے بارے میں ریمارکس دیے وہ شرمناک ہیں۔ کم سے کم فاطمہ نام کی لاج کا ہی خیال کر لیتے۔



‏پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ زوار قریشی نے کہا کہ فاطمہ بھٹو کے خلاف جمیل سومرو کی بازاری زبان کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے درخواست کی کہ جمیل سومرو کی جانب سے بازاری زبان استعمال کرنے کا نوٹس لیں۔

پیپلز پارٹی کی خاتون سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فضا میمن نے کہا کہ جمیل صاحب آپ کو یہ حق نہیں ہے کہ فاطمہ بھٹو کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرو، ہم جتنی محبت بلاول بختاور اور آصفہ سے کرتے ہیں اتنی ہی فاطمہ اور ذوالفقار جونیئر سے بھی کرتے ہیں۔



ٹویٹر پر ارشد علی نامی جیالے نے کہا کہ فاطمہ بھٹو کے خلاف جمیل سومرو کی ٹویٹ  پارٹی پالیسی نہیں ہو سکتی۔ ارشد علی کا کہنا تھا کہ یہ جمیل سومرو کی ذاتی رائے ہے مگر چونکہ یہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پولیٹیکل سیکرٹری ہے اس لئے سب یہی سمجھیں گے کہ اس سے بیان دلوایا گیا ہے، اس لئے قیادت کو اس کے بیان کی مذمت کرنی چاہیے۔

سوشل میڈیا صارفین اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جمیل سومرو کے الفاظ کو قابل افسوس قرار دیا اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جمیل سومرو کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مصنف صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ٹوئٹر پر @UmairSolangiPK کے نام سے لکھتے ہیں۔