لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی ضمانت منظور کر لی: ن لیگ کا اظہار تشکر

لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی ضمانت منظور کر لی: ن لیگ کا اظہار تشکر
لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی ضمانت منظور کرلی۔

لاہور ہائیکورٹ میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

وکیل درخواست گزار امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ سوا تین سال پہلے احد چیمہ کو گرفتار کیا گیا، وہ نوے دن جسمانی ریمانڈ پر بھی رہے، ان کیخلاف ٹرائل جلد مکمل ہونے کا کوئی امکان نہیں، ان کی ضمانت منظور کی جائے۔

نیب کے وکیل فیصل بخاری نے کہا کہ احد چیمہ کے وکلا نے 12 تاریخیں لی ہیں۔ احد چیمہ کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اب تو ٹرائل کرنے والے جج کا بھی تبادلہ ہو چکا ہے۔

عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ احد چیمہ کی ضمانت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کی خدمت کرنے والے قابل و محنتی افسر 3 سال 2 ماہ قید ناحق میں رہا۔