سابق بیوروکریٹ احد چیمہ کو وزیراعظم کا مشیر مقرر کردیا گیا

سابق بیوروکریٹ احد چیمہ کو وزیراعظم کا مشیر مقرر کردیا گیا
سابق بیوروکریٹ احد خان چیمہ کو وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر مقرر کردیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے احد خان چیمہ کی وزیراعظم کے مشیر کے طور پر تعیناتی کی منظوری دی۔

ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 93- ایک کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی ہے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل وفاقی حکومت نے احد خان چیمہ کو تمام الزامات سے بری کرتے ہوئے ان کے خلاف چارج شیٹ بھی واپس لے لی تھی۔ احد چیمہ کیخلاف سابق حکومت نے بدعنوانی کے مقدمات درج کئے تھے۔

احد چیمہ کا تعلق صوبہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد سے ہے۔ وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز کے گریڈ 20 کے افسر تھے۔ وہ 20ویں گریڈ کے ایسے پہلے افسر ہیں جن کی 3 سال کی سروس جیل میں گزری ہے۔

ان کا تعلق ڈی ایم جی گروپ سے تھا۔ سب سے پہلے پنجاب کی افسر شاہی میں ان کا نام اس وقت سامنے آیا جب 2005ء میں چودھری پرویز الہٰی کے دور حکومت میں انہیں ’پڑھا لکھا پنجاب‘ نامی مہم کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔