Get Alerts

بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، مسلم امہ خاموش کیوں ہے؟ شیریں مزاری

بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، مسلم امہ خاموش کیوں ہے؟ شیریں مزاری
بھارت کشمیریوں کی نسل کشی اور قتل عام کررہا ہے اور بدمعاش ریاست بنا ہوا ہے، کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر مسلم امہ خاموش کیوں ہے۔ ہمیں او آئی سی کو فعال کرنے کی سخت ضرورت ہے۔

قومی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے جنیوا کنونشن کے تحت جنگی جرم کیا ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد، شملہ معاہدے، عالمی سطح پر اپنے وعدوں اور خود اپنے آئین اور بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے، بھارت کشمیریوں کی نسل کشی اور قتل عام کررہا ہے اور بدمعاش ریاست بنا ہوا ہے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل اور نازی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اسرائیل نے فلسطین میں جو کیا وہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کر رہا ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت نے یو این سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے، مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کو بھی استعمال کریں گے، کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر مسلمان ممالک خاموش کیوں ہیں اور آواز کیوں نہیں اٹھارہے، ہم مسلم امہ کی بات کرتے ہیں، کدھر ہے وہ مسلم امہ جب مسلمانوں پر ظلم و تشدد ہورہا ہے، ہمیں او آئی سی کو فعال کرنے کی سخت ضرورت ہے۔

شیریں مزاری نے مزید کہا کہ عالمی برداری سے کشمیر میں فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہیں، حکومت نے سفارتی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی کوشش کی جائے گی، ہندوستان جنگ چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں لیکن عالمی براداری کو خبردار کرتے ہیں کہ اس کے خطرناک نتائج ہوں گے۔