حکومت آرمی چیف کو دوبارہ تعینات کرے گی پھر مدت ملازمت میں اضافہ ہو گا، فروغ نسیم

حکومت آرمی چیف کو دوبارہ تعینات کرے گی پھر مدت ملازمت میں اضافہ ہو گا، فروغ نسیم
سماء ٹی وی  کی اینکر پرسن عنبر رحیم شمسی کو دیئے گئے انڑویو میں وزیر قانون   فروغ نسیم  نے کہا کہ حکومت آرمی چیف کو دوبارہ تعینات کرے گی پھر مدت ملازمت میں اضافہ ہو گا۔

جب وزیر قانون سے پوچھا گیا کہ قانون سازی کے بعد آرمی چیف کی ایکسٹینشن سے متعلق نوٹیفیکیشن کیوں سامنے نہیں آیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس سوال کا جواب نہیں دیں گے۔

https://twitter.com/AsadAToor/status/1225805340819763201?s=20

https://twitter.com/AsadAToor/status/1225730417153789953?s=20

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت دیگر ترجیحات میں مصروف ہے، پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سیٹھ وقار کے خلاف ریفرنس کے لیے وقت نہیں مل رہا۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6ماہ کی توسیع کرتے ہوئے حکومت کا نوٹی فکیشن مشروط طور پر منظور کرلیا تھا اور کہا تھا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق قانون سازی کے لئے حکومت کو پارلیمنٹ کا پابند کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے 6 ماہ میں آرٹیکل 243 کی وسعت کا تعین کیا جائے۔

آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2020 کیا ہے ؟


یکم جنوری کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی گئی تھی۔

آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2020 میں آرمی چیف کی مدت ملازمت اور توسیع کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ آرمی ایکٹ میں ایک نئے چیپٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کو آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی تعیناتی کا نام دیا گیا ہے۔ اس بل میں آرمی چیف کی تعیناتی کی مدت تین سال مقرر کی گئی ہے جبکہ آرمی چیف کی مدت ملازمت پوری ہونے پر انہیں تین سال کی توسیع دی جا سکے گی۔

فوجی سربراہان کی مدت ملازمت کے حوالے سے بلوں کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہوں کی تقرریوں یا ان کے عہدے کی مدت میں توسیع کو کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکے گا اور بل کے تحت بری، بحری اور پاک فضائیہ کے سربراہان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی مدت ملازمت میں وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت تین سال کیلئے توسیع کر سکیں گے۔

بل کے تحت آرمی ایکٹ کے سیکشن 8 اے کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت تین سالوں کیلئے جنرل رینک کے آفیسر کی چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تقرری کر سکیں گے۔ بل کے مطابق شق 8 بی کے تحت تعینات آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جس کے تحت قومی سلامتی کے مفادات کے تحفظ کیلئے وزیراعظم پاکستان کی ایڈوائس پر صدر مملکت مزید تین سالوں کیلئے چیف آف آرمی سٹاف کا تقرر یا ان کے عہدے کی مدت میں توسیع کر سکیں گے۔

بل کی شق 8 سی کے مطابق آرمی چیف کے عہدے کی ریٹائرمنٹ اور ملازمت کی حدود کا تعین کیا گیا ہے۔ اس شق کے تحت ریٹائرمنٹ کی عمر اور کسی جنرل کی ملازمت کی مدت کی شرائط اور محدودات کا تعین چیف آف آرمی سٹاف یا آرمی چیف کے عہدے میں توسیع کے ضمن میں نہیں ہوگا بشرطیکہ اس کی عمر 64 سال سے زیادہ نہ ہو۔ دوبارہ تعیناتی یا تقرری کیلئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 64 سال مقرر کی گئی ہے۔