Get Alerts

گلگت؛ شتیال قراقرام ہائی وے پر مسافر بس تصادم کے بعد کھائی میں جا گری، 25 افراد جاں بحق

گلگت؛ شتیال قراقرام ہائی وے پر مسافر بس تصادم کے بعد کھائی میں جا گری، 25 افراد جاں بحق
شتیال قراقرم ہائی وے پر غذر سے راولپنڈی جانے والی بس کار سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جا گری۔ ڈپٹی کمشنر دیامر کے مطابق حادثے میں 25 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 15 کے قریب زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی کمپنی کی بس نمبری 3688 میں 50 مسافر سوار تھے جبکہ کار میں 5 افراد موجود تھے۔ ایس پی دیامر شیر خان کے مطابق امدادی ٹیمیں ایمبولینس کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر دیامر نے ریجنل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم دشوار گزار راستوں اور تاریکی کی وجہ سے ریسکیو کے عمل میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو فوری طور ہر کنٹرول سیل قائم کر کے ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن سرانجام دینے اور زخمیوں کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کے بہترین علاج کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

سرور حسین سکندر کا تعلق سکردو کے علاقے مہدی آباد سے ہے۔ وہ بین الاقوامی تعلقات میں ایم ایس سی کر چکے ہیں اور گزشتہ آٹھ سالوں سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ سرور مختلف سماجی مسائل سے متعلق تحقیقاتی رپورٹس تحریر کرتے رہتے ہیں۔