امریکا کا خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دینے کا مطالبہ

امریکا کا خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دینے کا مطالبہ
امریکا نے پاکستانی حکام سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن اور دوہری شہریت رکھنے والی نامور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران امریکی دفترِ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ خدیجہ شاہ کےکیس کو فالوکررہے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستانی حکام سے براہ راست رابطے میں ہیں۔ ان کے سفارت کاروں کو لگژری فیشن برانڈ ایلان کی بانی خدیجہ شاہ تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ پاکستانی حکام سے کہا ہے خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے۔ وہ دہری شہریت کی حامل ہیں.

ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکی شہریوں کی گرفتاری پر جو بائیڈن حکومت ہر ممکن مدد کیلئے تیار رہتی ہے۔ پاکستانی حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ منصفانہ سماعت کی گارنٹی ہوگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  غیر ملکی حکومتوں سے کہتے آئے ہیں کہ گرفتار امریکی شہریوں  کیلئے طریقہ کارکوسامنے رکھیں۔

امریکا نے عمران خان کے بیرونی سازش کے ذریعے وزارتِ عظمیٰ سے ہٹائے جانے کے بیانیے کو ایک بار پھر جھوٹا قرار دیتے ہوئے ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکی سازش کے الزامات جھوٹ ہیں۔ پاکستان کے عوام ہی آئین کے مطابق ملک کی سیاست سے متعلق فیصلہ کرسکتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ طویل عرصے سے جاری تعاون اہم ہے۔ خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔

واضح رہے نو مئی کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیسز میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے۔ جن کے دوران آرمی تنصیبات پر حملوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی ونجی املاک کو بھی جلایا گیا تھا۔

لاہور میں جناح ہاؤس پر حملہ کیس میں مبینہ طور پر ملوث افراد میں سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی اور سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی خدیجہ شاہ بھی شامل ہیں۔ جن کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔

خدیجہ شاہ نے 23 مئی کو خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا اور اگلے ہی دن پولیس نے انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ جس کے بعد سے وہ جیل میں ہیں۔