Get Alerts

لاہور میں حکومت نے جماعت الدعوہ کے ہیڈ آفس کا کنٹرول سنبھال لیا

ملک بھر میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری

پنجاب حکومت نے قومی ایکشن پلان کے تحت کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں جماعت الدعوہ کے ہیڈ آفس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

یہ اہم پیش رفت اس وقت ہوئی ہے جب پاکستانی حکام کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

قبل ازیں، وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں نے جماعت الدعوہ اور اس کے فلاحی ونگ فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن کے علاوہ کالعدم تنظیموں کی متعدد مساجد، مدارس اور فلاحی ادارے سیل کر دیے ہیں۔



دوسری جانب بدھ کے روز کارروائی کرتے ہوئے سندھ حکومت نے صوبے میں کالعدم تنظیموں کے تحت کام کرنے والے 31 سکولوں، 16 مدارس اور نو ہسپتالوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یہ واضح کیا ہے کہ یہ مدارس اور فلاحی ادارے صوبائی حکومت کی سرپرستی میں کام کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حال ہی میں جماعت الدعوہ اور فلاحِ انسانیت فاؤنڈیشن کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔