'عمران خان کی جانب سے سینیئر صحافیوں کو سانحہ وزیر آباد میں ملوث کرنا تشویش ناک ہے'

'عمران خان کی جانب سے سینیئر صحافیوں کو سانحہ وزیر آباد میں ملوث کرنا تشویش ناک ہے'
راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلٹس نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سینیئر صحافیوں حامد میر، مرتضیٰ سولنگی اور وقار ستی کو سانحہ وزیر آباد میں ملوث کرنے کی کوشش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں یونین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ان تینوں صحافیوں کا نام لے کر نہ صرف ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا ہے بلکہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر بھی اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے۔ صحافتی تنظیمیں کسی ادارے، سیاسی جماعت یا رہنما کو آزادی صحافت کو دبانے کی اجازت نہیں دیں گی۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ وزیر آباد میں عمران خان پر حملے کا ملزم موقع پر گرفتار ہو، تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسے پولیس کے حوالے کیا، وہاں سے ملزم کا بیان جن رپورٹرز اور چینلز کو ملا انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کے مطابق وہ بیان من و عن نشر کر دیا۔ اس پر عمران خان کا اعتراض بلاجواز ہے۔ اگر گرفتار ہونے والے شخص کے بجائے دھوکہ دینے کے لئے کسی اور شخص کا بیان چلایا جاتا یا گرفتار ملزم کی گفتگو توڑ مروڑ کر پیش کی جاتی تو پھر عمران خان تنقید کرنے میں حق بجانب تھے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے ان تینوں صحافیوں کا نام لے کر یہ کہا تھا کہ یہ دوسری پارٹی کی حمایت کرتے ہیں اسی لئے انہوں نے گرفتار ملزم کا بیان سب سے پہلے شیئر کیا تھا۔