غدار وہ ہیں جو غداری کے مقدمات درج کروا رہے ہیں: مولانا فضل الرحمٰن

غدار وہ ہیں جو غداری کے مقدمات درج کروا رہے ہیں: مولانا فضل الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ  کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ دوسروں پر غداری کا مقدمہ درج کرانے والے خود غدار ہیں۔

 بدھ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم ایسے مقدمات کو جُوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کس نے کیا ہے غداری کا مقدمہ، انہوں نے جن کے خلاف خود غداری کے فیصلے آ چکے ہیں اور جو عدالتوں میں پیش ہونے کو تیار نہیں ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اس حوالے سے جنگ نہ چھیڑی جائے۔ ہم ایسی جنگیں لڑنے کے عادی ہیں۔ ہم ملک کو اس حد تک نہیں لے جانا چاہتے۔

  انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ کہا جاتا ہے کہ آپ انتہا تک نہ جائیں، ہم کہیں نہیں جا رہے۔ ہم آئین کی حدود کے اندر ہیں لیکن کوئی دوسرا ادارہ بھی آئین کی حدود سے آگے نہ جائے۔‘انہوں نے کہا کہ غدار وہ ہیں جنہوں نے دھاندلی کی۔ غدار وہ ہیں جو عوام کے مینڈیٹ کے بغیر قوم پر مسلط ہیں۔ غدار وہ ہیں جن کے خلاف فیصلے آئے اور پھر عدالتی کمیشن تحلیل کر دیے گئے۔