سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمٰن رات لاہور میں قیام کے بعد آزادی مارچ کی قیاد ت کےلیے کنٹینر پر پہنچ گئے، لاہور میں پڑاؤ کے بعد مارچ اسلام آباد کی طرف روانگی کے لیے تیار ہے۔
لاہور میں نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ تحریک ہے جو ضرور کامیاب ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے نوازشریف سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی مگر ڈاکٹروں نے اجازت نہیں دی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اسلام آباد پہنچنے پر عوامی رائے کا احترام نہ کیا توآزادی مارچ مزید سخت ہوگا۔
دوسری جانب لاہور سے روانگی سے قبل مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ کے کنٹینر پر پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، پروفیسر ساجد میر اور ابتسام الہی ظہیر کے ہمراہ موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق آزادی مارچ کے شرکاء کچھ دیر میں لاہور کے آزادی چوک سے روانہ ہوں گے ، جبکہ گوجرانوالہ میں آزادی مارچ کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
آزادی مارچ کے آج رات گوجر خان پہنچنے کی توقع ہے جبکہ مارچ کل اسلام آبا دمیں داخل ہوگا۔