Get Alerts

عمران خان آج شام قوم سے خطاب میں ایک اہم اعلان کریں گے

عمران خان آج شام قوم سے خطاب میں ایک اہم اعلان کریں گے
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلہ سنائے جانے کے بعد آج شام وزیراعظم عمران خان ایک اہم اعلان کریں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان آج شام قوم سے خطاب میں ایک اہم اعلان کرنے والے ہیں۔

https://twitter.com/FaisalJavedKhan/status/1512310555830198282

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کو چیلنجز کا سامنا کرنا آتا ہے، بظاہر اپوزیشن کو لگ رہا ہےکہ وہ جیت چکے ہیں مگر ایسا ہے نہیں، وہ ہار چکے ہیں، مٹھائی پھر ضائع ہوگئی، الفاظ یاد رکھیے گا۔

فیصل جاوید نے یہ بھی کہا کہ آنے والا وقت بتائے گا انشاء اللہ- قوم نے فیصلہ کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپتان آج شام ایک اہم اعلان کریں گے ، وہ اپنی قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اور پارٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے اور عمران خان آج شام کو قوم سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ پاکستان کیلئے لڑا ہوں اور آخری گیند تک لڑتا رہوں گا۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں اہم مشاورتی اجلاس بھی ہوا تھا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اور حکومت کی قانونی ٹیم شریک ہوئی تھی جس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے اور پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے آپشن پر غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے تاریخی متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی رولنگ کو آئین سے متصادم قرار دیا تھا ۔

عدالت نے حکم دیا کہ وزیراعظم صدر کو اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس نہیں دے سکتے تھے، تحریک عدم اعتماد کی کارروائی جاری رکھی جائے اگر تحریک کامیاب ہو تو نئے قائد ایوان کے انتخاب تک اجلاس ملتوی نہ کیا جائے۔