عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 11 اپریل تک ملتوی

عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 11 اپریل تک ملتوی
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 11 اپریل تک ملتوی کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل امجدپرویز سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے تاحال نوٹس کی تعمیل کی رپورٹ عدالت میں جمع نہیں کرائی جا سکی۔

پی ٹی آئی کے جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے کسی سینئر وکیل اور نہ ہی عمران خان کو کوئی نوٹس ملا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج نے تعمیلی نوٹس کی رپورٹ جمع ہونے تک توشہ خانہ کیس کی سماعت میں وقفہ کیا تھا۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ان اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دائر پرائیوٹ شکایت پر سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔

سینئر سول جج نصر من اللہ بلوچ کے روبرو اسلام آباد کے شہری محمد حنیف کی شکایت پر سماعت کے دوران جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گواہ مفتی سعید بیان ریکارڈ کرانے کیلئے ساڑھے 10 بجے آئیں گے۔ جس پر عدالت نے مزید سماعت میں وقفہ کر دیا۔

ابتدائی سماعت کے موقع پر درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ عدت میں نکاح کیا۔ عدت میں نکاح گناہ بھی ہے اور قانوناً جرم بھی۔ لہٰذا عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ درخواست گزار نے گزشتہ سماعت پر عدالت میں ابتدائی بیان ریکارڈ کرایا اور لاہور میں پڑھائے گئے نکاح کی کاپی بھی کمپلینٹ کے ساتھ منسلک کی گئی جبکہ نکاح عدت کے دوران ہونے سے متعلق مفتی سعید کے بیان کا حوالہ بھی کمپلینٹ میں موجود ہے۔

بعد ازاں سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو گواہ مفتی سعید کے عمرہ کی غرض سے ملک میں نہ ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہیں ہو سکا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت آئندہ کی تاریخ مقرر کر دے جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو آج صبح ساڑھے 8 بجے ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کر رکھا تھا۔ نوٹس میں پیش نہ ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی تھی۔

اسلام آباد کی دو مختلف عدالتوں میں آج عمران خان کے خلاف کیسز سماعت کے لیے مقرر ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں دلائل طلب کرلیے گئے تھے۔

توشہ خانہ کیس کی آئندہ سماعت 29 اپریل مقرر ہے لیکن الیکشن کمیشن نے عدالتی کارروائی تاخیر کا شکار ہونے کے باعث سماعت جلد مقرر کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔