Get Alerts

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی کابینہ کی معزولی کیلیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب، صوبائی کابینہ کی معزولی کیلیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور صوبائی کابینہ کی فوری معزولی کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔

پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں با ضابطہ  درخواست دائر کر دی گئی۔

شیخ امتیاز محمود  نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اورصوبائی کابینہ  کے فوری ہٹائے جانے کے حوالے سے قانونی کارروائی کا باضابطہ آغاز کردیا۔

درخواست حماد خالد بٹ، جنید رزاق، محمد فیصل افندی، ملک کاشف شہباز، عبدالرحمان، ندیم شریف اور عیشہ رحمان پر مشتمل قانونی ٹیم کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں الیکشن کمیشن سے پنجاب کی نگران حکومت کو فوری طور پر معزول کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کو بھی فوری طور پر ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 15 اور 21 جبکہ دستور پاکستان کے آرٹیکل 220 اور 224  ـAکے تحت دائر کی گئی ہے جبکہ درخواست میں نگران وزیر اعلی پنجاب اور صوبائی کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود نے اپنی درخواست میں پنجاب کی نگران حکومت اور پولیس افسران کی جانب سے الیکشن ایکٹ 2017 کے  سیکشن 230 کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو مہیا کی ہیں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نگران وزیر اعلی، نگران صوبائی کابینہ اور پولیس افسران آئین و قانون کی صریح خلاف ورزی کے ذرئعے مس کنڈکٹ کے مرتکب ہو ئے ہیں۔ پنجاب کی نگران حکومت  پوری ڈھٹائی سے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 230 کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

شیخ امتیاز محمود  نے درخواست میں کہا کہ نگران وزیر اعلی کی سربراہی میں پنجاب حکومت دستور مملکت کے آرٹیکل 9,14,15,(2)17 ,23اور 24  کے ساتھ ساتھ آرٹیکل 4 اور 5 کی بھی صریح خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ پنجاب کی نگران حکومت  90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد سے گریز کے لئے دستور سے انحراف کی راہ پر گامزن ہیں۔ الیکشن کمیشن عدل انصاف اور شفافیت کے پیش نظر نگران وزیر اعلی کی تقرری کے باعث جنوری 2023 کے نو ٹیفیکشن کو فوری کالعدم قرار دے۔ الیکشن کمیشن آئین سے انحراف میں نگران حکومت  کے معاون آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کو بھی فوری طور پر ہٹائے۔