Get Alerts

'غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں،'جیل بھرو تحریک' میں کوئی کیوں جائے گا'

'غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں،'جیل بھرو تحریک' میں کوئی کیوں جائے گا'
سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں ہے ایسے میں کوئی 'جیل بھرو تحریک' میں کیوں جائے گا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نااہل ہوجائیں گے انہیں اردگرد لوگوں نے پھنسایا ہے۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا  نے کہا کہ اتنی مقبولیت ہونے کے باوجود، عوام کی محبت کے باوجود عمران خان نے لوگوں کے غلط مشوروں پر اسمبلیاں توڑ کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارلی ہے۔ 2 اسمبلیاں توڑ کر بہت بڑا نقصان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں ہے وہ جیل بھرو تحریک میں کیوں جائے گا، جیل بھرنے سے پی ٹی آئی کو کیا فائدہ ہوگا۔ یہ کیا روایت بنادی گئی ہے جو جیل میں جائے گا بڑا لیڈر بن جائےگا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان گالم گلوچ، لڑائی، جیلوں کے علاوہ کوئی مثبت کام کریں۔عمران خان گندے لوگوں کو سائیڈ کرکے پارٹی کے اچھے لوگوں کو سامنے لائیں۔ میں عمران خان کیلئے ہی کھڑا ہوا ہوں۔ میں نے جو باتیں کیں وہ ٹھیک نکلیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی میں  بہت سانپ ہیں اور 2 خاص کا جب نام لوں گا تو سانپوں کو بھی ساتھ ایکسپوز کروں گا۔ یہ وہ خاص ہیں جو عمران خان کے وزیر اعظم ہوئے بھی وزیر اعظم بننے کے خواہشمند تھے اور یہی لوگ عمران خان کو تباہی کے راستے پر لائے۔

فیصل واوڈا نے اعتراف کیا کہ موجودہ آرمی چیف سید عاصم منیر کو  اس وقت  ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا گیا جب وہ ایمانداری سے اس وقت کے وزیراعظم اور ملک کی بھلائی اور بقا کے لئے کام کر رہے تھے۔ میں اس وقت وزیر تھا۔ عمران خان خود پچاس بار کہہ چکے ہیں کہ عاصم منیر بہت ایماندار انسان ہیں۔ یہاں بھی مسئلہ عمران خان کو نہیں ان کے اردگرد کے لوگوں کو تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی عمران خا ن کے بنا کچھ نہیں ہے۔ عمران خان ہی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی ہی عمران خان ہے۔عمران خان کو بار بار کہتا ہوں ان کیلئے مصیبتیں قریبی لوگوں کی وجہ سے کھڑی ہوئیں۔ وہ لوگوں کے غلط مشوروں پر اپنے ہی پیروں پر کلہاڑی مار رہے ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہر طرف دستک دی جارہی ہے۔اتنی دستکیں دی جارہی ہیں کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔ یوں سمجھ لیں گھنٹی کی تاریں کاٹ کر ڈائریکٹ کردی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں انہوں نے بہت دیر کر دی۔ عمران خان ایک اچھے انسان اور لیڈر ہیں اللہ انہیں ہدایت دے۔وہ کبھی اداروں کے خلاف نہیں تھے آج ایسے ایسے کام کروارہے ہیں یقین نہیں آتا۔ سانپ کے بچے پارٹی کے مخلص لوگوں کو عمران خان کے قریب نہیں آنے دیتے۔ عمران خان کو اردگرد کے لوگوں نے پھنسایا ہے اور وہ نااہل ہو جائیں گے۔