Get Alerts

انتخابات 100 فیصد صاف شفاف ہوئے ہیں: چیف الیکشن کمشنر

قانون کے مطابق دن دوبجے تک اگر وقت بڑھانے کا کہا جاتا ہے تو وقت بڑھایا جاسکتا ہے. گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز میں وقت بڑھایا گیا کیونکہ متعلقہ آر اوز نے وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

انتخابات 100 فیصد صاف شفاف ہوئے ہیں: چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ‏ملک بھر میں انتخابات 100 فیصد صاف شفاف ہوئے ہیں۔ پورے پاکستان میں کسی ووٹر کو نہیں روکا گیا۔ یقین ہے ان انتخابات کے نتائج کو تسلیم کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن سوفیصد شفاف اور پُرامن ہوئے۔پولنگ کاعمل بغیرکسی کے وقفے کے جاری رہا کسی شہری کو ووٹ کاسٹ کرنے سے نہیں روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کنیکٹویٹی کا مسئلہ ہوگا متعلقہ پریزائیڈنگ افسر خود متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر جاکر فارم 45 فراہم کرے گا. ای ایم ایس میں فارم 45 اپ لوڈ کرنے کے بعد جہاں سروس بحال ہوگی فارم خود بخود آر او کو موصول ہوجائے گا. قانون کے مطابق دن دوبجے تک اگر وقت بڑھانے کا کہا جاتا ہے تو وقت بڑھایا جاسکتا ہے. گجرات کے تین پولنگ سٹیشنز میں وقت بڑھایا گیا کیونکہ متعلقہ آر اوز نے وقت بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

انٹرنیٹ کی بحالی کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ جب محسوس ہوگا سکیورٹی کا مسئلہ نہیں تو انٹرنیٹ کھول دیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اپنا نظام ہے۔ انٹرنیٹ سے الیکشن کمیشن کا کوئی تعلق نہیں۔ الیکشن کمیشن انٹرنیٹ بندش کا ذمہ دار نہیں ہے۔ ہمارا اپنا سسٹم کام کر رہا ہے۔ ہم حکومت سے رابطے میں ہیں۔ الیکشن کمیشن بہت مضبوط ہے۔ انٹرنیٹ کا معاملہ ہمارا مینڈیٹ نہیں ہے۔

دوسری جانب، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےکامیاب انتخابات کے انعقاد پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔

نگران وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر قوم، الیکشن کمیشن، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتخابی عملے میڈیا اور تمام متعلقہ افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔  یہ اہم موقع نہ صرف ہمارے جمہوری عمل کی لچک اور طاقت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی ہے۔  پاکستان کے عوام کی انتخابی عمل میں شرکت اور جوش و خروش اس جمہوری مشق کا سنگ بنیاد رہا ہے۔ ووٹروں کا زیادہ ٹرن آؤٹ ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل کے لیے عوامی عزم کا واضح اشارہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ووٹوں کے ذریعے ظاہر ہونے والی آوازیں ہماری جمہوریت کی مضبوطی میں کردار ادا کریں گی۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے چند واقعات کے باوجود ملک بھر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، ایل ای اے، سویلین ایڈمنسٹریشن اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  اپنے فرائض سے ان کی غیر متزلزل وابستگی انتخابات کے پرامن انعقاد میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔  مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے پاکستانی عوام نے غیر معمولی ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد قوم کا عزم، انتخابی عمل میں شرکت جاری رکھنا، ان قوتوں کے خلاف ایک طاقتور بیان ہے جو ہماری قوم کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہماری اجتماعی خواہش کو واضح کرتا ہے۔  ایک بار پھر میں اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ دعا ہے کہ یہ الیکشن پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کی نوید ثابت ہوں۔