عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے وزیراعظم کے سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کے حوالے سے بیان پر ردعمل میں کہا کہ کپتان کا فرعونیت بھرا لہجہ بتا رہا ہے کہ ان کے دن گنے جا چکے۔ ہزارہ برادری کے لیے دھمکی آمیز باتیں کرنا ان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف اور قابل مذمت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اگر عوام کا نہیں تو پھر کس کا ہے؟ کوئٹہ میں لاشیں پڑی ہیں لیکن وزیراعظم ہاؤس میں بٹھائے گئے شخص کے سینے میں دل ہی نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے ہزارہ برادری کے سارے مطالبات مان لیے ہیں لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ شرط لگا دیں۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی تدفین کر دیں میں آج ہی کوئٹہ پہنچ جاؤں گا۔ وزیراعظم کے اس بیان پر انہیں اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔