مچھ میں قتل کیے گئے کان کنوں کی تدفین کے بعد وزیراعظم عمران خان کوئٹہ پہنچ گئے۔
حکومت ذرائع کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ آمد کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد و دیگر افراد بھی موجود ہیں۔ تاہم آرمی چیف ان کے ہمراہ نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان گورنر ہاؤس بلوچستان جائیں گے اور صوبے میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ قبل ازیں مچھ واقعے میں قتل کیے گئے کان کنوں کی تدفین کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں کردی گئی، اس دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کان کنوں کی نماز جنازہ علامہ راجا ناصر عباس نے پڑھائی جس میں لواحقین، اہل علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کسی وزیراعظم کو اس طرح بلیک میل نہیں کیا جاسکتا کہ آپ آئیں گے تو میتیں کی تدفین کریں گے۔ آپ تدفین کریں میں کوئٹہ آ جاؤں گا۔